اسلام آباد (ویب ڈیسک)
قومی ادارے قابل احترام ہیں اور تمام مسائل کے حل میں حکومت کیساتھ ایک پیج پر ہیں
اے پی سی میں بیٹھے چہروں اور ان کے ذاتی مقاصد سے قوم آگاہ ہے،حکومتی ترجمان کے اجلاس میں گفتگو
وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ اپوزیشن کی اداروں پر تنقید اپنی کرپشن سے توجہ ہٹانے کی کوشش ہے۔تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت پارٹی اور حکومتی ترجمانوں کا اجلاس ہوا۔ اجلاس میں حکومت نے اپوزیشن کی قرارداد پر بھرپور جواب دینے کا فیصلہ کیا ہے۔ شبلی فراز، اسد عمر اور فواد چوہدری آل پارٹیز کانفرنس کی قرارداد پر حکومتی موقف دیں گے۔وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ اے پی سی میں بیٹھے چہروں اور ان کے ذاتی مقاصد سے قوم آگاہ ہے۔ پہلے ہی بتا دیا تھا یہ سارے اپنے مفادات کی خاطر اکھٹے ہوجائیں گے۔ اپوزیشن کی اداروں پر تنقید اپنی کرپشن سے توجہ ہٹانے کی کوشش ہے، ملک کے تمام ادارے اپنی حدود میں رہ کر کام رہے ہیں۔وزیراعظم نے کہا کہ قومی ادارے قابل احترام ہیں اور تمام مسائل کے حل میں حکومت کیساتھ ایک پیج پر ہیں۔اجلاس میں ملک کے اہم قومی مسائل پر بات چیت بھی کی گئی۔ وزیراعظم نے اپنے رفقا سے مشاورت کی اور حزب اختلاف کی اے پی سی کا موثر طریقے سے جواب دینے کا فیصلہ کیا گیا۔