اسلام آباد (ویب ڈیسک)
وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود کا کہنا ہے کہ ابتدائی فیصلے کے مطابق پرائمری اسکولوں کو بھی 30 ستمبر سے تعلیمی سلسلہ شروع کرنے کی اجازت ہوگی، سندھ نے ایک ہفتہ مزید نظر ثانی کا فیصلہ کیا ہے۔
وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود نے کہا ہے کہ بہتر ہوتا اگر تمام صوبے ایک ہی وقت میں اسکول کھولنے کا فیصلہ کرتے۔
وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر فیصل سلطان کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے شفقت محمود کا کہنا تھا کہ کئی اسکول اس لیے بند کیے گئے کیونکہ انہوں نے ایس او پیز پر عمل نہیں کیا تھا۔
شفقت محمود کا کہنا تھا کہ صوبوں کی مشاورت کے بعد اسکول کھولنے کا فیصلہ کیا گیا تھا، صوبہ سندھ نے نظر ثانی کے لیے مزید ایک ہفتہ مانگا ہے۔
شفقت محمود کا کہنا تھا کہ اعداد و شمار سے ظاہر ہوتا ہے کہ کورونا کیسز میں خاطر خواہ اضافہ نہیں ہوا۔
اس موقع پر وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر فیصل سلطان نے وفاق کے اسکول کھولنے سے متعلق فیصلے کا دفاع کیا۔
ان کا کہنا تھا کہ ملک بھر میں اسکول کھلنے کے بعد گزشتہ ہفتے میں کورونا کیسز میں کوئی بڑی تبدیلی نہیں آئی۔
ڈاکٹر فیصل سلطان نے کہا کہ گزشتہ ہفتے کورونا کیسز کی شرح میں پہلے سے زیادہ اضافہ نہیں ہوا۔
وزیراعظم کے معاون خصوصی نے بتایا کہ کورونا کی صورتحال دیکھتے ہوئے فیصلہ کیا کہ کل سے چھٹی سے آٹھویں کلاسز کو کھولا جائے۔
ان کا کہنا تھا کہ والدین اور اساتذہ سے گزارش ہے کہ بچوں میں ماسک کے استعمال کو یقینی بنائیں۔