اسلام آباد (ویب ڈیسک)

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) نے کل سے دوسرے مرحلے میں اسکولز کھلونے کی اجازت دے دی، جس کے تحت کل چھٹی سے آٹھویں تک کی کلاسز کا آغاز ہوگا۔

تعلیمی ادارے کھولنے کے دوسرے مرحلے سے متعلق نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کا اجلاس ہوا۔

این سی او سی کے اجلاس میں وفاقی وزیر اسد عمر، وفاقی وزیرِ تعلیم شفقت محمود، وفاقی وزیرِ داخلہ اعجاز شاہ اور معاون خصوصی برائےصحت ڈاکٹر فیصل سلطان اجلاس میں شریک ہوئے۔

اجلاس میں صوبائی وزرائے تعلیم اور سیکریٹری تعلیم بھی شریک تھے۔

این سی او سی کے اجلاس میں طے پایا کہ کل سے چھٹی سے آٹھویں تک کی کلاسز کا آغاز ہوگا۔

وفاقی وزیرِ تعلیم شفقت محمود پہلے ہی اسکول مرحلہ وار کھولنے کا شیڈول جاری کر چکے ہیں۔

واضح رہے کہ ملک بھر میں کورونا وائرس کی وباء کے باعث تعلیمی ادارے تقریباً 200  دن بند رہنے کے بعد  15 ستمبر سے پہلے مرحلے میں کھل چکے ہیں۔

15 ستمبر کو نویں، دسویں تک سرکاری و نجی اسکول، مدارس جبکہ کالج اور جامعات میں کورونا ایس او پیز کے تحت تدریسی عمل کا آغاز ہو چکا ہے۔

اگلے مرحلے میں 30 ستمبر سے نجی و سرکاری اسکولوں میں پرائمری کلاسز بھی شروع ہو جائیں گی۔