کراچی (ویب نیوز)

ٹیکسٹائل سیکٹر کی برآمدات میں مسلسل آٹھویں ماہ بھی کمی کا رجحان رہا، جو صنعت کو درپیش مسائل کی نشاندہی کرتا ہے۔

اگرچہ مئی کے مہینے میں ٹیکسٹائل سیکٹر کی برآمدات میں مثبت رجحان رہا اور یہ 7 فیصد اضافے کے ساتھ 1.32 ارب ڈالر پر پہنچ گئی، لیکن سالانہ بنیادوں پر 20 فیصد تک کمی کا رجحان رہا۔

اے ایچ ایل ریسرچ کے مطابق مئی میں مثبت رجحان کے باجود رواں مالی سال کے گیارہ ماہ کے دوران مجموعی طور پر ٹیکسٹائل کی برآمدات میں 14.7 فیصد کی کمی کے ساتھ15.03 ارب ڈالر رہی ہے۔

ٹاپ لائن سیکیورٹیز کے تجزیہ کار نشید ملک کے مطابق ٹیکسٹائل ایکسپورٹ مسلسل آٹھ ماہ سے تنزلی کا شکار ہے، مئی کے مہینے میں ٹیکسٹائل ایکسپورٹس ماہانہ بنیادوں پر 7 فیصد اضافے کے ساتھ 1.32 ارب ڈالر رہی، جبکہ ویلیو ایڈڈ ٹیکسٹائل برآمدات بھی 3 فیصد اضافے کے ساتھ889 ملین ڈالر رہی۔

تاہم، گزشتہ سال کے مئی سے موازنہ کریں تو ٹیکسٹائل برآمدات میں 20 فیصد کمی واقع ہوئی ہے، ویلیوایڈڈ مصنوعات میں21 فیصد اور بنیادی مصنوعات میں 19فیصد کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔

رواں مالی سال کے گیارہ ماہ کے دوران ٹیکسٹائل کی مجموعی برآمدات سالانہ بنیادوں پر15 فیصد کمی کے ساتھ 15.03 ارب ڈالر رہی ہے، بنیادی مصنوعات میں22 فیصد جبکہ ویلیو ایڈڈ مصنوعات میں 13 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی، اندازہ ہے کہ رواں مالی سال کے اختتام تک ٹیکسٹائل برآمدات 16 فیصد کمی کے ساتھ 16سے16.5 ارب ڈالر رہیں گی۔

انسائٹ ریسرچ کے تجزیہ کار عاصم حسن کا کہنا ہے کہ ٹیکسٹائل کی برآمدات میں کمی کی وجہ عالمی معاشی بحران اور ملک کے اندرونی حالات بھی ہیں۔