اسلام آباد (ویب ڈیسک)
کورونا سے نمٹنے کیلئے پاکستان کی بڑی کامیابی، وائرس سے بچاؤ کی ویکسین ‘کینسینو’ کے کلینکل ٹرائل کے تیسرے مرحلے کا آغاز ہو گیا، پہلےدو مرحلوں کے ٹرائل چین میں کئے گئے۔
معاون خصوصی ڈاکٹر فیصل سلطان نے میڈیا بریفنگ میں بتایا کہ پاکستان میں کورونا سے بچاؤ کی ویکسین کا ٹرائل شروع ہوگیا، ویکسین کے ٹرائل پر اپنی ٹیم کو مبارکباد دیتا ہوں، ویکسین کا ٹرائل صحت کے نظام میں بہتری کیلئے بھی اہم ہے۔
ایگزایکٹو ڈائریکٹر این آئی ایچ میجر جنرل عامر اکرام کا کہنا تھا ویکسین کا کلینیکل ٹرائل چین کے تعاون سے شروع کیا گیا، ویکیسین کا دوسرے مرحلے میں 508 افراد پر ٹرائل کیا گیا، تیسرے مرحلے میں 8 سے 10 ہزار افراد پر ویکسین کا ٹرائل ہوگا، یہ ویکسین چین میں فوج اور پولیس کیلئے منظور ہوچکی ہے۔
ادھر وفاقی وزیر اسد عمر نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر ٹویٹ کرتے ہوئے کہا پاکستان میں کوویڈ 19 ویکسین کے تیسرے مرحلہ کا آزمائشی آغاز ہوگیا، ویکسین ایک چینی کمپنی نے تیار کی ہے، آزمائشی مرحلے میں 7 ممالک کے 40 ہزار افراد شریک ہوںگے، جس میں 8 سے 10 ہزار پاکستانی ہوںگے، ٹیسٹ کے ابتدائی نتائج 4 سے 6 ماہ میں متوقع ہیں۔