حکومت آزادکشمیر نے لاک ڈائون کا فیصلہ واپس لے لیا
چیف سیکرٹری کی تینوں ڈویژنز کے کمشنرز ،ڈی آئی جیز اور ڈپٹی کمشنرز کو سخت ایس او پیز نافذ کرنے کی ہدایت
مظفرآباد(ویب ڈیسک )حکومت آزادکشمیر نے لاک ڈائون کا فیصلہ واپس لے لیا،چیف سیکرٹری نے تینوں ڈویژنز کے کمشنرز ،ڈی آئی جیز اور ڈپٹی کمشنرز کو سخت ایس او پیز نافذ کرنے کی ہدایت کردی،وفاق نے لاک ڈائون کی مخالفت کی تھی ،چیف سیکرٹری آزادکشمیر نے لاک ڈائون کے حوالے سے مشاورت کے بعد تمام متعلقہ ذمہ داران کو ہدایت کی کہ اخبارات اور دیگر میڈیا ذرائع میں ایس او پیز کی پابندی کے حوالے سے مہم چلائی جائے،مساجد کے ذریعے کرونا وباء کو روکنے اور احتیاط کے حوالے سے بھی علماء کرام کی خدمات حاصل کی جائیں۔جبکہ شہروں میں سرکاری طورپر ماسک اور سینی ٹائزر کے استعمال اور سوشل ڈسٹنس کے حوالے سے منادی کا اہتمام کیا جائے۔چیف سیکرٹری نے ہدایت کی کہ مظفرآباد اور پونچھ ڈویژن میں جن سیکٹرز میں کرونا کے کیسز آرہے ہیں انہیں سیل کر کے لاک ڈائون کیا جائے اور جن علاقوں میں کیسز نہایت کم ہیں وہاں سمارٹ لاک ڈائون کیا جائے تاہم ایک دو روز میں شادی ہالوں،تعلیمی اداروں، دفاتر،بازاروں اور پبلک ٹرانسپورٹ کے حوالے سے نئی ایس او پیز اور سمارٹ لاک ڈائون کے حوالے سے فیصلے کیے جائیں گے۔وزیراعظم آزادکشمیر نے تین روز قبل لاک ڈائون کا فیصلہ کیا تھا تاہم حتمی مشاورت کیلئے چیف سیکرٹری کو اختیار دیا تھا جس کے بعد وفاق نے دوبارہ لاک ڈائون لگانے کی مخالفت کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ ملک بھر میں کیسز آرہے ہیں مگر لاک ڈائون کے بجائے ایس او پیز پر عملدرآمد کیا جارہا ہے۔