غیر اخلاقی مواد شیئر کرنیکامعاملہ،”ٹک ٹاک” پر پابندی عائد
اسلام آباد(ویب ڈیسک ) پاکستان ٹیلی کمیونی کیشن اتھارٹی (پی ٹی اے )نے عوامی شکایات کا نوٹس لیتے ہوئے ویڈیو شیئرنگ ایپ ٹک ٹاک پر غیر معینہ مدت کیلئے پابندی عائد کر دی ہے۔پاکستان ٹیلی کمیونی کیشن اتھارٹی کے ترجمان کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ ملک بھر میں ٹک ٹاک ایپ بلاک کر دی گئی ہے۔ یہ اقدام اس ویڈیو شیئرنگ ایپ کے غیر اخلاقی مواد شیئر کرنے پر اٹھایا گیا۔ترجمان نے اپنے بیان میں وضاحت کی ہے کہ اس بات کا فیصلہ ادارے کی جانب سے ازخود نہیں لیا گیا بلکہ عوامی شکایات پر نوٹس لینے کے بعد ہوا۔پی ٹی اے ترجمان نے کہا کہ ٹک ٹاک انتظامیہ کو جواب جمع کرانے کی مہلت دی تھی۔ تاہم اس کی جانب سے شکایات کا ازالہ نہ کرنے کی وجہ سے پابندی لگائی گی، پی ٹی اے نے موبائل فون کمپنیوں کو ہدایت جاری کردی ہیں۔پی ٹی اے کا کہنا ہے کہ ٹک ٹاک انتظامیہ کے ساتھ اپنے تحفظات شیئر کیے گئے تھے اور انہیں پی ٹی اے کی ہدایات پر عمل کے لیے مناسب وقت بھی دیا گیا تھا تاہم ٹک ٹاک انتظامیہ ہدایات پر عمل کرنے میں ناکام رہی جس کے بعد یہ قدم اٹھایا گیا۔پی ٹی اے کا کہنا ہے کہ اس نے ٹک ٹاک انتظامیہ کو اس بات سے آگاہ کردیا ہے کہ اگر وہ آنے والے دنوں میں ریگولیٹر کی ہدایات کے مطابق غیر اخلاقی مواد کو روکنے کا موثر مکینزم تیار کرلیتا ہے تو پابندی کے فیصلے پر نظر ثانی کی جاسکتی ہے۔