اسلام آباد (ویب ڈیسک)
پاکستان میں کورونا وائرس کے نئے کیسز اور اس سے اموات میں مسلسل کمی جبکہ اس سے شفایاب ہونے والوں میں اضافہ ہو رہا ہے جس کی وجہ سے ملک کورونا مریضوں کی تعداد کے حوالے سے ممالک کی فہرست میں 23 ویں نمبر پر آ چکا ہے۔
ملک بھر میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 26 ہزار 670 کورونا وائرس کے ٹیسٹ کیے گئے جبکہ اب تک کُل 41 لاکھ 48 ہزار 739 کورونا وائرس کے ٹیسٹ کیے جا چکے ہیں۔
نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 660 نئے کورونا وائرس کے کیسز سامنے آ گئے، مزید 19 افراد اس موذی وباء کے سامنے زندگی کی بازی ہار گئے جبکہ 654 مریض اس بیماری سے شفایاب ہو گئے۔
پاکستان میں کورونا وائرس کے کیسز کی تعداد 3 لاکھ 24 ہزار 744 ہو چکی ہے، جبکہ اس موذی وباء سے جاں بحق افراد کی کُل تعداد 6 ہزار 692 تک جا پہنچی ہے۔