راولپنڈی (ویب ڈیسک)

آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کا کہنا ہے کہ پاک فوج تمام مشکلات میں ہمیشہ قوم کی امیدوں پر پورا اترے گی۔

ان خیالات کا اظہار پاک فوج کے سپہ سالار جنرل قمر جاوید باجوہ نے گوجرانوالہ اور مرالہ کے دورہ کے موقع پر کیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی طرف سےجاری کردہ بیان کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کور ہیڈ کوارٹرز گوجرانوالہ کا دورہ کیا، کور کمانڈرز گوجرانوالہ سیّد عاصم منیر نے استقبال کیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق سپہ سالار نے جوانوں کو جنگی اور روایتی آپریشن کی تربیت کرتے ہوئے دیکھا اور بعد میں گوجرانوالہ کے قریب اور مرالہ ہیڈورکس میں مشقوں کا معائنہ بھی کیا، آرمی چیف نے شاندارجنگی تربیت اور فارمیشن کے معیار کو سراہا۔ اس دوران آرمی چیف کو آپریشنل، انتظامی امور پر بریفنگ دی گئی۔

جوانوں سے خطاب کرتے ہوئے آرمی چیف کا کہنا تھا کہ تربیت جنگی تیاریوں کو بڑھانےمیں اہم کرداراداکرتی ہے۔ پاک فوج تمام مشکلات میں ہمیشہ قوم کی امیدوں پرپورااترے گی۔ ملکی دفاع کیلئےعظیم قوم کی توقعات پر پورا اترینگے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق آرمی چیف نے سی ایم ایچ گوجرانوالا کا بھی دورہ کیا اور انہیں مریضوں کے بہتر علاج کے لیے جاری منصوبوں پر بریفنگ دی گئی، آرمی چیف نے کورونا وبا کے پھیلائو کو روکنے اور قیمتی جانیں بچانے پر آرمی میڈیکل کور کی تعریف کی۔

یاد رہے کہ گزشتہ روز چیف آف آرمی اسٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ نے لائن آف کنٹرول (ایل او سی) کے چھمب سیکٹر کا دورہ کیا اور جوانوں کی آپریشنل تیاریوں کی تعریف کی۔ کور کمانڈر راولپنڈی لیفٹننٹ جنرل اظہر عباس نے آرمی چیف کا ایل او سی پر استقبال کیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری بیان میں کہا کہ آرمی چیف کو اس دورے کے موقع پر بھارت کی جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزیوں سمیت آپریشنل تیاریوں سے آگاہ کیا گیا۔

 

آئی ایس پی آر نے کہا کہ آرمی چیف کو بتایا گیا کہ بھارت کی جانب سے ایل او سی کے قریب رہنے والے کشمیریوں کو نشانہ بنایا جاتا ہے۔ جنرل قمر جاوید باجوہ نے افسران اور جوانوں سے ملاقات کے دوران ان کی انتھک اور غیر معمولی تیاریوں کو سراہا۔

آرمی چیف نے جوانوں پر زور دیا کہ وہ بھارت کی جانب سے جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزی سے متاثر ہونے والی مقامی آبادی سے بھرپور تعاون کریں۔ ہر دم ثابت قدم رہیں، اپنے فرائض پوری ایمان داری اور عزم کے ساتھ ادا کریں۔