اسلام آباد (ویب ڈیسک)
نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کے اجلاس میں بریفنگ میں بتایا گیا ہے کہ ملک میں مسلسل پانچویں دن کورونا وائرس کے مثبت کیسز کا تناسب بڑھا ہے، اس سے اموات میں بھی اضافہ ہوا ہے۔
وفاقی وزیر اسد عمر کی زیرِ صدارت نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کا اجلاس ہوا۔
اجلاس میں ہیلتھ حکام نے فورم کو ڈیٹا پر مبنی حقائق پیش کیئے، جن میں کورونا وائرس کی مثبت شرح میں اضافے، مریضوں اور اموات میں اضافے سے متعلق آگاہ کیا۔
این سی او سی کے اجلاس میں بتایا گیا کہ گزشتہ 4 دنوں میں کورونا وائرس کے کیسز کی اوسطاً مثبت شرح 40 فیصد زیادہ ہے۔
این سی او سی حکام کے مطابق دیگر علاقوں کی طرح مظفر آباد، حیدر آباد، کراچی اور گلگت میں مثبت کورونا وائرس کے کیسز کا تناسب بھی زیادہ ہے۔
اجلاس میں بتایا گیا کہ پنجاب کے اسپتالوں میں کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد میں اضافہ ہو رہا ہے، اسپتالوں میں تشویش ناک حالت کے مریضوں کی تعداد میں بھی اضافہ ہو رہا ہے۔
چیف سیکریٹری پنجاب نے صوبہ پنجاب میں بڑھتے ہوئے کورونا وائرس کے کیسز سے متعلق فورم کو آگاہ کیا۔
انہوں نے بتایا کہ یکم ستمبر کو پنجاب میں اموات کا تناسب 1 اعشاریہ 6 فیصد تھا اور آج 6 فیصد ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں کورونا وائرس کے مزید 736 کیسز سامنے آئے ہیں، مزید 13 افراد اس موذی وباء کے سامنے زندگی کی بازی ہار گئے جبکہ 510 مریض اس بیماری سے شفایاب ہو چکے ہیں۔
پاکستان میں کورونا وائرس کے کیسز کی تعداد 3 لاکھ 26 ہزار 216 ہو چکی ہے، جبکہ اس موذی وباء سے جاں بحق افراد کی کُل تعداد 6 ہزار 715 تک جا پہنچی ہے۔
کورونا وائرس کے ملک بھر میں 9 ہزار 855 مریض اب بھی اسپتالوں، قرنطینہ مراکز اور گھروں میں آئسولیشن میں ہیں، جن میں سے 586 کی حالت تشویش ناک ہے جبکہ 3 لاکھ 9 ہزار 646 مریض اس بیماری سے صحت یاب ہو چکے ہیں۔
نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے مطابق گزشتہ روز ملک بھر میں کورونا وائرس کے 27 ہزار 50 ٹیسٹ کیئے گئے، جبکہ اب تک کُل 42 لاکھ 4 ہزار 320 کورونا وائرس کے ٹیسٹ کیئے جا چکے ہیں۔