پشاور بی آر ٹی بس پھر خراب ہو گئی
کلچ کا معمولی مسئلہ آیا تھا جس کی وجہ سے بس چلنا بند ہو گئی، تکنیکی خرابی کو فوری طور پر دور کر لیا گیا،ترجمان بی آرٹی
پشاور (ویب ڈیسک )بی آر ٹی بس 38 روز آرام کے بعد اتوار کوپھر خراب ہو گئی۔بی آر ٹی بس صبح ہی حیات آباد کے قریب خراب ہوئی تاہم جلد ہی اسے ٹھیک کر لیا گیا۔ترجمان بی آر ٹی نے کہا کہ بس میں کلچ کا معمولی مسئلہ آیا تھا جس کی وجہ سے بس چلنا بند ہو گئی تاہم بس میں تکنیکی خرابی کو فوری طور پر دور کر لیا گیا۔ترجمان کا کہنا تھا کہ ایسے واقعات گاڑیوں میں ہونا معمول ہے یہ کوئی تشویش کی بات نہیں ہے۔واضح رہے کہ بی آر ٹی بس سروس 38روز بعد گزشتہ روز ہی بحال کی گئی تھی۔ترجمان بی آر ٹی محمد عمیر خان کا کہنا تھا کہ بی آر ٹی بس سروس بحالی کے بعد اب صبح 6سے رات 10بجے تک چلے گی جبکہ مرکزی راہداری پر ایکسپریس روٹ بھی فعال کر دیا گیا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ ایکسپریس روٹ چمکنی سے کارخانوں تک جائے گا۔ اس کے علاوہ خیبر بازار سے مال آف حیات آباد تک خصوصی روٹ چلایا جائے گا۔ بس ہر اسٹیشن کے پلیٹ فارم نمبر 2 پر رکے گی۔یاد رہے کہ دو ماہ قبل 13اگست کو وزیر اعظم عمران خان نے بی آر ٹی منصوبے کا افتتاح کیا تھا تاہم افتتاح کے بعد سے ہی سروس میں کئی مسائل سامنے آنا شروع ہو گئے تھے اور ایک ماہ کے دوران بسوں میں آگ لگنے کے چار واقعات ہونے پر سروس کو عارضی طور پر معطل کر دیا گیا تھا۔