باکو (ویب ڈیسک)
امریکی سربراہی میں آذربائیجان اور آرمینیا نئے سیز فائر معاہدے پر متفق ہو گئے، فائر بندی پر آج عمل درآمد شروع ہو گا، امریکی صدر ٹرمپ نے معاہدے کو خوش آئند قرار دیا۔
امریکی دفترخارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ آذربائیجان اور آرمینیا نے سیز فائر کے نیا معاہدے پر اتفاق کر لیا ہے، دونوں ممالک انسانی بنیادوں پر سیز فائر کریں گے۔ معاہدہ امریکی نائب وزیر خارجہ اور دونوں ممالک کے وزرائے خارجہ کے درمیان ملاقات میں طے پایا۔
صدر ٹرمپ نے ردعمل میں کہا ہے کہ سیز فائر معاہدے سے کئی جانیں بچ سکیں گی، معاہدہ کرانے پر مائیک پومپیو اوران کی ٹیم پر فخر ہے۔
واضح رہے کہ دونوں ممالک کے مابین کاراباخ کے تنازع پر جنگ شروع ہوئی تھی، نیگورنو کاراباخ پر آرمینیا نے 90 کی دہائی سے قبضہ کر رکھا ہے حالانکہ عالمی سطح پر اس کو آذربائیجان کا حصہ تسلیم کیا جاتا ہے۔ اب تک کی لڑائی میں آرمینیائی عہدیداروں کے مطابق ان کے 773 سے زائد فوجی ہلاک ہو چکے ہیں جبکہ آذربائجان نے فوجی نقصانات سے آگاہ نہیں کیا۔