وزیر اعظم عمران خان سے آرمی چیف کی ملاقات، ملکی سلامتی اورسکیورٹی کے امور پر گفتگو
وزیر اعظم نے اپنی جانیں قربان کرنے والے سکیورٹی اہلکاروں کو بھی خراج عقیدت پیش کیا
پوری قوم دشمن کی حالیہ بزدلانہ کارروائیوں کے خلاف متحد ہے،وزیراعظم عمران خان
اسلام آباد(ویب ڈیسک )وزیر اعظم عمران خان سے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے ملاقات کی،ملکی سلامتی اور سکیورٹی امورپر گفتگو کی گئی ۔وزیر اعظم آفس کے مطابق وزیر اعظم اور آرمی چیف کے درمیان ہونے والی ملاقات میں پاک فوج کے پیشہ ورانہ امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ملاقات میں ملک کی داخلی، سلامتی اور سکیورٹی امور پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا جبکہ ملاقات میں دہشت گردی کے حالیہ واقعات بھی زیرغور آئے۔وزیر اعظم عمران خان نے پاک فوج، ایف سی اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کو خراج تحسین پیش کیا جبکہ وزیر اعظم نے اپنی جانیں قربان کرنے والے سیکیورٹی اہلکاروں کو بھی خراج عقیدت پیش کیا۔عمران خان نے ملاقات میں آرمی چیف کو بتایا کہ پوری قوم دشمن کی حالیہ بزدلانہ کارروائیوں کے خلاف متحد ہے۔