ترک صدر رجب طیب اردوان کا کہنا ہے کہ گستاخانہ خاکوں سے متعلق ہمارا جواب وہی ہے جو اہل مدینہ نے دیا تھا ’طلع البدر علینا‘
ترکی کے صدر رجب طیب ایردوان نے کہا کہ مکہ مدینہ، ایشیا افریقہ یورپ سمیت پوری دنیا اور تمام جہانوں اور زمانوں کو شرف بخشنے والے اپنے نبی ﷺ پرحملوں کے سامنے پورے صدق و اخلاص کے ساتھ کھڑے ہونا ہمارے لیے عزت و شرف کا مسئلہ ہے۔
اردوان نے مزید کہا کہ ہمارا جواب آج بھی وہی ہے جو اہل مدینہ نے دیا تھا۔ ’طلع البدرعلینا۔‘
انہوں نے کہا کہ حضورﷺ کی ناموس کا تحفظ ہمارے لیے باعث فخر ہے۔
یاد رہے کہ طلع البدر علینا ایک اسلامی نعت ہے جو 622ء میں انصار نے ہجرت مدینہ کے وقت حضرت محمد ﷺ کے یثرب تشریف لانے پر پڑھی تھی۔
یہ نعت تقریباً چودہ سو سال پرانی ہے اور اسلامی ثقافت کی پرانی ترین نعت ہے۔
خیال رہے کہ ترکی کے یوم جمہوریہ کے موقع پر اردوان نے کہا کہ فتح و کامیابی سے بھرپور ماضی سے جذبہ لیتے ہوئے مستقبل کی طرف اتحاد، یکجہتی اور بھائی چارے کے ساتھ پیش قدمی جاری رکھیں گے۔