ترک صدر طیب اردوان کو پھر انتخابات میں جیت  پر مبارکباد پیش کر تا ہوں،صدرمملکت

 ترکیہ کے ساتھ صدیوں سے برادرانہ تعلقات ہیں، ہم مشکل وقتوں کے دیرینہ ساتھی ہیں

مجھے یقین ہے طیب اردوان کی متحرک قیادت میں ہمارے تعلقات فروغ پاتے رہیں گے، ڈاکٹر عارف علوی

میری دعا ہے طیب اردوان کا نیا دورِ حکومت ترکیہ کے لوگوں کے لیے خوشحالی لائے، چیئرمین پی ٹی آئی

اسلام آباد(ویب  نیوز)

صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ میں اپنے عزیز دوست اور بھائی صدررجب طیب اردوان کو ترکی کے صدر کے عہدے پر منتخب ہونے پر مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ ان کی جیت عوام کے ان پر کئے گئے اعتماد کی عکاسی کرتی ہے۔ ترکیہ ہمارا بہت قریبی دوست ہے جس کے ساتھ ہمارے صدیوں سے برادرانہ تعلقات ہیں۔ ہم مشکل وقتوں کے دیرینہ ساتھی ہیں۔ ان خیالات کااظہار صدرمملکت ڈاکٹر عارف علوی نے سوموار کے روزٹوئٹر پر جاری اپنے بیان میں کیا۔ صدر عارف علوی کا کہنا تھا کہ پاکستان اور ترکی ہمیشہ ایک دوسرے کے شانہ بشانہ کھڑے رہے ہیں اور مجھے یقین ہے کہ آپ کی متحرک قیادت میں ہمارے تعلقات فروغ پاتے رہیں گے۔ ہم آپ کے ساتھ مل کر کام کرنے اور باہمی دلچسپی کے تمام شعبوں میں ترکی کے ساتھ دوطرفہ تعاون کو مزید وسعت دینے کے منتظر ہیں۔

سابق وزیرِ اعظم عمران خان نے رجب طیب اردوان کو مسلسل تیسری مرتبہ ترکیہ کا صدر منتخب ہونے پر مبارک باد دی ہے۔ سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری کیے گئے بیان میں عمران خان نے کہا ہے کہ میں پاکستان کے لوگوں کی جانب سے رجب طیب اردوان کو صدر منتخب ہونے پر مبارک باد دیتا ہوں۔ عمران خان کا کہنا ہے کہ میری دعا ہے کہ طیب اردوان کا نیا دورِ حکومت ترکیہ کے لوگوں کے لیے خوشحالی لائے۔