خواتین قیدیوں سے بدسلوکی کے معاملے پر 2رکنی تحقیقاتی ٹیم تشکیل

جیلوں میں قید خواتین کا تحفظ میری ذمے داری ہے،ساری مائیں بہنیں ہماری ہیں، محسن نقوی

جو لوگ یہ الزام لگارہے ہیں ان کو سوچ سمجھ کر ایسی باتیں کرنی چاہئیں

جناح ہاؤس حملے میں جتنے لوگ بھی ملوث ہوں، ان کو نہیں چھوڑا جائے گا، خواہ وہ کتنے ہی اثر و رسوخ واہے ہوں ،وزیراعلی پنجاب کی میڈیا سے گفتگو

لاہور(ویب  نیوز)

وزیراعلی پنجاب محسن نقوی نے خواتین قیدیوں سے جیلوں میں بدسلوکی کے الزام کے معاملے پر 2رکنی تحقیقاتی ٹیم تشکیل دے دی۔کمیٹی میں ڈپٹی کمشنر لاہور رافعہ حیدر اور ایس پی ڈاکٹر انعوش مسعود چودھری شامل ہیں۔ کمیٹی کے دونوں ارکان جیل میں قید خواتین سے ملاقات کریں گے۔قبل ازیں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے نگراں وزیراعلی پنجاب محسن نقوی نے کہا کہ جیلوں میں قید خواتین کا تحفظ میری ذمے داری ہے۔ ساری مائیں بہنیں ہماری ہیں۔ مجموعی طور پر 32خواتین گرفتار ہوئیں اور ان میں سے 11ہمارے پاس ہیں۔ کبھی جیل میں خواتین سے بدسلوکی جیسے واقعات تاریخ میں نہیں ہوئے۔انہوں نے کہا کہ جب تک میں بیٹھا ہوا ہوں یہ میری ذمے داری ہے کہ ان کو تحفظ دیں۔ جو لوگ یہ الزام لگارہے ہیں ان کو سوچ سمجھ کر ایسی باتیں کرنی چاہئیں۔ جناح ہاؤس حملے میں جتنے لوگ بھی ملوث ہوں، ان کو نہیں چھوڑا جائے گا، خواہ وہ کتنے ہی اثر و رسوخ واہے ہوں، ان کے خلاف حتمی کاروائی اور سزا ملے گی۔ محسن نقوی نے کہا کہ میں چیلنج کرتا ہوں کہ کوئی پولیس والا غیر اخلاقی حرکت میں ملوث پایا گیا تو اس کو قرار واقعی سزا دی جائے گی۔ عمران خان کی نظربندی کے حوالے سے خبروں میں کوئی صداقت نہیں۔