پاکستان نے پلوامہ حملے سے متعلق نریندرمودی کا بیان مسترد کر دیا
مودی نے وفاقی وزیر کے قومی اسمبلی میں تاثرات کا غلط حوالہ دیا ہے
بھارت پاکستان کے مبینہ ملوث ہونے کا ثبوت پیش کرنے میں ناکام رہا ترجمان دفتر خارجہ
اسلام آباد(ویب ڈیسک )پاکستان نے پلوامہ حملے سے متعلق بھارتی وزیراعظم نریندرمودی کا بیان مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ مودی نے وفاقی وزیر کے قومی اسمبلی میں تاثرات کا غلط حوالہ دیا ہے ۔ترجمان دفتر خارجہ کے بیان کے مطابق وفاقی وزیر مسلح افواج کی جانب سے بھارتی جارحیت پر رد عمل کا حوالہ دے رہے تھے۔بھارتی قیادت کا وطیرہ ہے کہ وہ اپنی ناکامیوں کا الزام پاکستان پر لگاتی ہے۔ بی جے پی ووٹروں کی حمایت حاصل کرنے اور اندرونی مسائل سے توجہ ہٹانے کے لیے ایسا کرتی ہے ۔پلوامہ حملے کا سب سے زیادہ فائدہ بی جے پی حکومت کو ہوا۔ پلوامہ حملے کے بعد پاکستان مخالف مہم سے بی جے پی کو لوک سبھا انتخابات میں واضح اکثریت ملی۔بھارت آج تک پلوامہ حملے میں پاکستان کے مبینہ ملوث ہونے کا کوئی بھی ٹھوس ثبوت پیش کرنے میں ناکام رہا ہے۔