پاکستان نے اسرائیل کو تسلیم کرنے کی قیاس آرائیوں کو مستردکردیا
اسرائیل کو تسلیم کرنے کے حوالے سے وزیراعظم عمران خان کے بیانات واضح اور غیر متزلزل ہیں، ترجمان دفتر خارجہ
اسلام آباد(ویب ڈیسک ) دفتر خارجہ نے پاکستان کی جانب سے اسرائیل کو ممکنہ طور پر تسلیم کرنے کی بے بنیاد قیاس آرائیوں کو قطعی طور پرمستردکردیا ،ترجمان دفتر خارجہ نے اپنے بیان میں کہا کہ اسرائیل کو تسلیم کرنے کے حوالے سے وزیراعظم عمران خان کے بیانات واضح اور غیر متزلزل ہیں، وزیراعظم واضح کرچکے ہیں کہ مسئلہ فلسطین کے منصفانہ اور فلسطینیوں کے لیے قابل قبول حل تک پاکستان اسرائیل کو تسلیم نہیں کرسکتا۔ترجمان کا کہنا ہے کہ پاکستان قطعی طور پر فلسطینی عوام کے جائز حق خود ارادیت کی حمایت کرتا ہے،فلسطین میں دیرپا امن کے لیے اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق دو ریاستی حل ضروری ہے۔ترجمان کا مزید کہنا ہے کہ پاکستان1967کی سرحدات اور دارالخلافہ القدس الشریف پرمشتمل آزاد ریاست فلسطین کا حامی ہے۔