ملک بھر میں کورونا کے مثبت کیسز کی شرح 7.20 فیصد تک پہنچ گئی،این سی او سی
کورونا سے سب سے زیادہ متاثرہ شہروں میں پشاور، کراچی اور حیدرآباد شامل ہیں
عوام کا تحفظ اولین ترجیح، کورونا سے بچنے کیلئے ایس او پیز پر عملدرآمد یقینی بنانا ہے، اسد عمر
این سی او سی اجلاس میں علمائے کرام اور شادی ہال مالکان کیساتھ میٹنگ میں ایس او پیز پر عمل درآمدیقینی بنانے پرزور
اسلام آباد(ویب ڈیسک )نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سنٹر (این سی او سی)کے مطابق ملک بھر میں کورونا کے مثبت کیسز کی شرح 7.20 فیصد تک پہنچ گئی، کورونا سے سب سے زیادہ متاثرہ شہروں میں پشاور، کراچی اور حیدرآباد شامل ہیں۔وفاقی وزیر اسد عمر کی زیر صدارت این سی او سی کا اجلاس ہوا جس میں تمام چیف سیکرٹریز اور ماہرین صحت نے ویڈیو لنک کے ذریعے شرکت کی،اجلاس میں ملک میں کورونا کی صورتحال کا جائزہ لیا گیا۔ این سی او سی کے اجلاس کے دوران بریفنگ میں بتایا گیا کہ ملک میں کورونا مثبت آنیکی سب سے زیادہ شرح پشاور میں19.65 ریکارڈ کی گئی جبکہ کورونا مثبت آنے میں کراچی کا دوسرا نمبر ہے جہاں شرح 17.73فیصد ہے، تیسرے نمبر پر حیدرآباد ہے جہاں شرح 16.32فیصد ریکارڈ کی گئی۔آزاد کشمیر میں کورونا مثبت آنیکی شرح 10.79فیصد، بلوچستان 6.41، گلگت بلتستان 4.81، اسلام آباد 5.84، کے پی 9.25، پنجاب 3.59، سندھ 13.25، لاہور 4.52، راول پنڈی 11.49، کوئٹہ 9.77اور مظفرآباد میں 10.34فیصد ریکارڈ کی گئی۔این سی او سی اجلاس میں علمائے کرام اور شادی ہال مالکان کیساتھ میٹنگ میں ایس او پیز پر عمل درآمدیقینی بنانے پرزور دیاگیاہے۔اس موقع پر این سی او سی کے سربراہ اسد عمر کا کہنا تھا کہ ہماری اولین ترجیح عوام کا تحفظ ہے، کورونا سے بچنے کیلئے ایس او پیز پر عملدرآمد یقینی بنانا ہے، عوام کی صحت کا تحفظ یقینی بنانے کے لیے تمام ضروری اقدامات کیے گئے ہیں، وزارت صحت وقتا فوقتا صحت سے متعلق ہدایات جاری کررہی ہے۔