نئی دہلی (ویب ڈیسک)
بھارتی وزیر صحت ہرش وردھان نے امکان ظاہر کیا ہے کہ آئندہ ماہ جنوری میں کسی بھی دن سے کورونا ویکسینیشن کا آغاز ہوجائے گا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق وزیر صحت ہرش وردھان نے ایک انٹرویو میں بتایا کہ مقامی سطح پر تیار کردہ کورونا ویکسین کا ٹرائل آخری مرحلے میں ہے اور ہماری خواہش ہے کہ ویکسین کے محفوظ اور موثر ہونے کی مکمل جانچ کرلی جائے اس لیے ویکسینیشن میں کچھ تاخیر ہورہی ہے۔
بھارتی وزیر صحت نے ایک سوال کے جواب میں مزید بتایا کہ وہ جنوری میں کسی بھی ہفتے سے کورونا ویکسینیشن کے آغاز کے لیے پُرامید ہیں اور ابتدائی طور پر یہ ویکسین فوج اور طبی عملے کو لگائی جائیں گی جب کہ سات ماہ کے اند اندر 30 کروڑ افراد کو ویکسین لگانے کی منصوبہ بندی کی ہے
وزیر صحت ہرش وردھان نے انکشاف کیا کہ ملک میں مقامی سطح پر تیار کردہ 9 کورونا ویکسین کی آزمائش جاری ہے جن میں سے 6 کلینیکل ٹرائل مرحلے میں ہیں جب کہ 3 پری کلینیکل فیز میں ہیں۔
قبل ازیں آل انڈیا انسٹیٹیوٹ آف میڈیکل سائنس سربراہ ڈاکٹر سنجے راؤ نے دعویٰ کیا تھا کہ بھارت بائیوٹیک کی ’’ کو ویکسین ‘‘ اور سیرم انسٹیٹیوٹ آف انڈیا کی ’’ کووی شیلڈ ‘‘ فروری میں دستیاب ہوں گی۔
یاد رہے کہ انڈین کونسل آف میڈیکل ریسرچ کے سربراہ ڈاکٹر بلرام بھرگاوا نے جولائی میں بڑے طمطراق سے دعویٰ کیا تھا کہ قوم کو بھارت کے قومی دن یعنی 15 اگست 2020 کو کورونا ویکسین کا تحفہ دیں گے جسے عالمی ادارہ صحت سمیت بھارتی ماہرین نے بھی مضحکہ خیز قرار دیا تھا۔
واضح رہے کہ برطانیہ، امریکا، سعودی عرب، متحدہ عرب امارات اور بحرین سمیت کئی ممالک میں کورونا ویکسینشن کا آغاز ہوگیا ہے اور دیگر کئی ممالک آئندہ جنوری سے اپنے شہریوں کو ویکسین لگانے کا عمل شروع کریں گے۔