نئی دہلی (ویب ڈیسک)
بھارت میں کسانوں کے احتجاج کو ایک ماہ مکمل ہو گیا۔ معاملہ امریکی وزیرخارجہ کے سامنے معاملہ اٹھا دیا گیا۔ کانگریس رہنما راہول گاندھی نے کہا ہے بھارت میں کوئی جمہوریت نہیں، مودی نااہل حکمران ہے، مطالبات پورے ہوئے بغیر کسان واپس نہیں جائیں گے۔
بھارت میں کسانوں کے احتجاج کی گونج امریکی ایوانوں تک بھی پہنچ گئی۔ بااثر امریکی قانون سازوں کے گروپ نے وزیر خارجہ مائیک پومپیو کو خط لکھ دیا۔ خط لکھنے والوں میں بھارتی نژاد امریکی رکن ایوان نمائندگان پرامیلا جایا پال بھی شامل ہیں۔ خط میں امریکی وزیرِ خارجہ مائیک پومپیو سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ وہ بھارتی ہم منصب جے شنکر کے ساتھ کسانوں کا معاملہ اٹھائیں۔
دلی میں بات کرتے ہوئے کانگریس رہنما راہول گاندھی، مودی پر برس پڑے، کہتے ہیں بھارت میں کوئی جمہوریت نہیں ہے، اگر سرکار نے متنازع زرعی قوانین واپس نہیں لیے تو کسان واپس نہیں جائیں گے۔ مودی ایک نااہل حکمران ہے جسے سسٹم کا کوئی پتہ نہیں۔
دوسری جانب دلی اور اس کے ارد گرد کاشتکاروں کے دھرنے جاری ہیں، کسان رہنماوں کا کہنا ہے متنازع زرعی قوانین کی واپسی ہی آخری حل ہے۔