جنوبی کشمیر میں بھارتی فوجی آپریشن میں دو کشمیری نوجوان شہید
ترال،سری نگر میں 3روز کے دوران13نوجوان گرفتار ہو گئے
سری نگر(ویب ڈیسک ) جنوبی کشمیر میں بھارتی فوجی آپریشن کے دوران دو کشمیری نوجوان شہید ہو گئے ۔ بھارتی فوج نے ضلع شوپیان کے کنی گام امام صاحب علاقے کا جمعہ کے روز محاصرہ کیا تھا۔ بھارتی فوجی آپریشن ہفتے کو بھی جاری رہا۔ ہفتے کو دو کشمیری نوجوان شہید ہو گئے ۔ فوجی ترجمان کے مطابق مارے جانے والے عسکریت پسند تھے ان کی فائرنگ سے دو بھارتی فوجی انیل کمار اور سپاہی جیتندر بھی زخمی ہوگئے ۔ علاقے میں فوجی آپریشن جاری ہے فورسز نے گائوں کو سیل کردیا ہے ۔فورسز نے لوگوں کو اپنے گھروں سے باہر نہ نکلنے کا حکم دیا ہے ۔ جمعرات کوشمالی کشمیر میں ضلع بارہمولہ کے وانی گام پائین کریری علاقے میں آٹھ گھنٹے سے زائد قابض بھارتی فوج اور مجاہدین کے درمیان تصادم آرائی میں جیش کمانڈر سمیت 2 مجاہدین شہید جبکہ ایک فوجی اہلکار شدید زخمی ہوگئے تھے۔ترال پولیس نے سید آباد پستونہ میں ایک نوجوان عامر اشرف خان کو گرفتار کر لیا ہے ۔ ترال علاقے میں فورسز کی کارروائیوں میں 3روز کے دوران11نوجوانوں کو گرفتار کیا گیا ہے۔سری نگر میں واقع نرول علاقے میں پولیس نے رئیس احمد اور کولگام کے رہائشی سبزار احمد کو گرفتار کیا ہے۔ رئیس احمد ڈار ولد غلام حسن گاڑیوں کا کاروبار کرتا ہے اور گزشتہ روز جموں گیا تھا۔شمالی کشمیر کے سوپور قصبے میں گزشتہ روزتعزیتی ہڑتال رہی۔ شمالی کشمیر کے وانی گام پائین کریری میں جمعرات کو دو نوجوان شہید ہو گئے تھے ۔ شہدا کی یاد میں تعزیتی ہڑتال رہی