مچھ واقعہ کے ملزمان کو انصاف کو کٹہرے میں لایا جائے ،وزیراعظم عمران خان
کان کنوں کاقتل قابل مذمت ،حکومت متاثرہ خاندانوں کو بالکل تنہا نہیں چھوڑے گی ،ٹویٹ
اسلام آباد (ویب ڈیسک )وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ بلوچستان کے علاقے مچھ میں کوئلے کے 11 معصوم کان کنوں کا قابل مذمت، قتل انسانیت سوز بزدلانہ دہشگردی کا ایک اور واقعہ ہے۔ایف سی کو حکم دیا گیا ہے کہ تمام وسائل بروئے کار لاتے ہوئے قاتل گرفتار اور انصاف کے کٹہرے میں کھڑے کئے جائیں۔ حکومت متاثرہ خاندانوں کو بالکل تنہا نہیں چھوڑے گی۔ان خیالات کااظہار وزیر اعظم عمران خان نے اتوار کے روز ٹوئٹر پر جاری اپنے بیان میں کیا۔ جبکہ وفاقی وزیر برائے اطلاعات ونشریات سینیٹر سید شبلی فراز نے اپنے ٹوئٹر پر جاری بیان میں کہا ہے کہ مچھ کادلخراش واقعہ انتہائی قابل مذمت اور افسوسناک ہے۔بیرونی دشمن پاکستان کوعدم استحکام سے دوچار کرنے کے درپے ہے اور مسلسل وار کر رہا ہے۔ ۔شبلی فراز کا کہنا تھا کہ افسوسناک امر یہ بھی ہے کہ ایسے حالات میں دوسری جانب عوام کے مسترد کردہ سیاسی عناصر شعوری یا غیر شعوری طور پر ان بیرونی حملہ آوروں کا آلہ کار بن کر ملک کے اندر افراتفری اورانتشار پھیلا رہے ہیں۔ ملک دشمنوں کو ان کے مذموم عزائم میں ناکامی ہوگی ۔