جنرل ہسپتال میں بجلی بچاؤ پروگرام کے تحت فی700یونٹس گھنٹہ کی بچت ،پنکھے و لائٹس تبدیل
بجلی کے بل میں سالانہ 11کروڑ روپے کی کمی ، سولر سسٹم بھی نصب ہوگا :وزیر توانائی پنجاب
امیر الدین میڈیکل کالج ، نرسنگ کالج و دیگر منصوبوں کیلئے اراضی کی فراہمی کے مسئلے کو پنجاب کابینہ میں اٹھایا جائے گا : ڈاکٹر اختر ملک
پی جی ایم آئی سے فارغ التحصیل ڈاکٹرز دنیا بھر میں اپنی خدمات سر انجام دے رہے ہیں :پرنسپل پی جی ایم آئی
جنرل ہسپتال کو عالمی رینکنگ میں لانے کیلئے تمام ممکن اقدامات کرینگے
کورونا وبا سے ایل جی ایچ کے 244 ڈاکٹرز متاثر ہوئے ، 31315 کورونا ٹیسٹ کیے گئے : بریفنگ
پنجاب میں95000سے زائد سرکاری بجلی کے کنکشنز پر بجلی کے بل کی مد میں سالانہ 36ارب روپے ادا کرنا پڑتے ہیں : میڈیا سے گفتگو
صحت کارڈ منصوبہ غریب بچاؤ مہم کا حصہ ہے اب کوئی مریض علاج معالجہ سے محروم نہیں رہے گا: پروفیسر سردار الفرید ظفر
لاہور (ویب ڈیسک ) وزیر توانائی پنجاب ڈاکٹر محمد اختر ملک نے کہا ہے کہ نئے پاکستان میں عوامی فلاحی منصوبوں کے ثمرات عوام تک پہنچنا شروع ہو گئے ہیں،ملک میں بجلی کے بحران پر قابو پانے کے لئے جدید ٹیکنالوجی استعمال میں لا کر الیکٹریکل مشینری اور آلات تبدیل کیے جا رہے ہیں جس سے بجلی کم سے کم خرچ ہو گی ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے جنرل ہسپتال بجلی بچاؤ پروگرام کے تحت مکمل ہو نے والے منصوبے کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ وزیر توانائی پنجاب ڈاکٹر محمد اختر ملک نے اس اقدام کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے اعلان کیا کہ جنرل ہسپتال میں سولر سسٹم بھی نصب کیا جائے گا جس سے اس ادارے میں بجلی کی مزید بچت کی جا سکے گی۔اس موقع پر پرنسپل پی جی ایم آئی پروفیسر ڈاکٹر سردار محمد الفرید ظفر ، محکمہ توانائی کے اعلی حکام ، پروفیسر صاحبان ، ایم ایس ڈاکٹر عبدالرزاق و دیگر انتظامی ڈاکٹرز بھی موجود تھے ۔ پرنسپل پی جی ایم آئی نے صوبائی وزیر برائے توانائی کو بریفنگ دیتے ہو ئے بتایا کہ بڑی تعداد میں پنکھوں ،لائٹس اور دیگر الیکٹریکل مصنوعات کو جدید ٹیکنالوجی پر شفٹ کر دیا گیا ہے جس کے تحت 700یونٹس فی گھنٹہ اور بجلی کے بلزکی مد میں سالانہ11کروڑ روپے کی بچت ہو گی اور اس بھاری رقم کو مریضوں کے علاج معالجے اور ہسپتال کی بہتری پر خرچ کیا جائے گا اور مزید بتایا کہ اس مرحلے میں 1305پنکھے ،5061لائٹس اور دیگر مصنوعات تبدیل کر دی گئی ہیں جو پنجاب حکومت کے بجلی بچاؤ منصوبے کا اہم سنگ میل ہے۔ پروفیسر الفرید ظفر کا کہنا تھا کہ کورونا وبا سے ہسپتال کے 244ڈاکٹرز متاثر ہوئے ، ہسپتال میں 31315کورونا ٹیسٹ کیے گئے ۔ڈاکٹر اختر ملک نے کہا کہ صحت کا شعبہ پنجاب حکومت کی اولین ترجیح ہے اور پی جی ایم آئی ، امیر الدین میڈیکل کالج اور جنرل ہسپتال جیسے ادارے کی خدمات اس سلسلے میں انتہائی حوصلہ افزا ہیں جہاں بالخصوص کورونا کے دنوں میں غیر معمولی خدمات فراہم کی گئیں۔انہوں نے یقین دلایا کہ امیر الدین میڈیکل کالج ، نرسنگ کالج ورہائشی کالونی کے لئے اراضی کی فراہمی کے مسئلے کو پنجاب کابینہ میں اٹھایا جائے گا اور وہ ا س سلسلے میں اپنا بھرپور کردار ادا کرے گا۔صوبائی وزیر توانائی ڈاکٹر اختر ملک نے اکیڈمک کونسل کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے معالجین کی پیشہ وارانہ مہارت کی تعریف کی اور جنرل ہسپتال کے لئے پنجاب حکومت کی طرف سے ہر ممکن تعاون کا یقین دلایا۔ پرنسپل پروفیسر ڈاکٹر سردار محمد الفرید ظفر کا کہنا تھا کہ جنرل ہسپتال کو عالمی رینکنگ میں لانے کے لئے تمام ممکن اقدامات کریں گے اور پنکھوں اور لائٹس کی جدید ٹیکنالوجی پر تبدیلی بھی اسی سلسلے کی کڑی ہے ۔انہوں نے وزیر توانائی پنجاب سے اپیل کی کہ وہ جنرل ہسپتال کی توسیع کے لئے مزید اراضی کی فراہمی میں مدد کریں ۔ پرنسپل پی جی ایم آئی کا مزید کہنا تھا کہ جنرل ہسپتال اپنی نوعیت کا منفرد ادارہ ہے اور پی جی ایم آئی سے فارغ التحصیل ڈاکٹرز دنیا بھر میں اپنی خدمات سر انجام دے رہے ہیں ۔میڈیا سے گفتگو میں صوبائی وزیر برائے توانائی اور پرنسپل پی جی ایم آئی کا کہنا تھا کہ حکومت کا صحت کارڈ منصوبہ غریب بچاؤ مہم کا حصہ ہے اور کوئی مریض علاج معالجہ سے محروم نہیں رہے گا۔ ڈاکٹر اختر ملک نے کہا کہ پنجاب میں95000سے زائد سرکاری بجلی کے کنکشنز ہیں ۔ حکومت کو بجلی کے بل کی مد میں سالانہ 36ارب روپے ادا کرنا پڑتے ہیں ۔ صوبہ بھر میں سرکاری کنکشنز کو سولر پر منتقل کر کے بجلی کے بھاری بھرکم بل سے جان چھڑائیں گے ۔