پہلے مرحلے میں نویں سے بارہویں جماعت تک تدریسی عمل بحال
کورونا ایس او پیز پر عملدرآمد کرایا جارہا ،طلبہ کو سماجی فاصلہ رکھنے کی ہدایت
لاہور(ویب ڈیسک ) ملک بھر کے تعلیمی اداروں میں تدریس کا مرحلہ وار آغاز ہوگیا، پہلے مرحلے میں نویں سے بارہویں جماعت تک کے تعلیمی ادارے کھل گئے ،کورونا ایس او پیز پر عمل لازمی قرار دیا گیا،طلبہ کو سماجی فاصلہ رکھنے کی ہدایت کی گئی ، ملک بھر میں پہلی سے آٹھویں تک کلاسز یکم فروری سے شروع ہونگی، یونیورسٹیاں بھی یکم فروری سے کھلیں گی۔دوسری جانب ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹی نے 50 فیصد اساتذہ کی حاضری کی پالیسی ختم کر دی اور تمام اساتذہ کو سکول حاضر ہونے کا پابند کیا گیا ۔ نہم سے بارہویں جماعت کے علاوہ دیگر اساتذہ بھی سکول حاضر ہوں گے۔ اس سے قبل 50 فیصد اساتذہ پیر اور 50 فیصد جمعرات کو سکول آتے تھے۔ اسلام آباد میں پچیس طالبعلم تک کو ایک روز کلاس کا حصہ بننے کی اجازت ہوگی۔ تعداد زیادہ ہونے کی صورت میں باقی طلبہ الگ کلاس لے سکیں گے۔ این سی او سی اور بین الصوبائی وزراے تعلیم کانفرنس کا انعقاد 20 جنوری کو متوقع ہے، جس میں ملک بھر میں کورونا کی حالیہ صورتحال کا جائزہ لیتے ہوئے تعلیمی اداروں سے متعلق مزید فیصلے کیے جائیں گے۔ یاد رہے کلاس ون سے آٹھویں تک، گریجویشن، ماسٹرز، ایم فل اور ڈاکٹریٹ کی کلاس میں تعلیمی سرگرمیوں کا آغاز یکم فروری سے ہوگا۔