نیب نے چوہدری برادران کے خلاف انکوائریاںبند کردیں
عدالت نے نیب پراسیکیوٹر کے بیان کو ریکارڈ کا حصہ بناتے ہوئے دائر درخواستوں کو نمٹا دیا
لاہور (ویب نیوز )قومی احتساب بیورو(نیب)لاہور نے پاکستان مسلم لیگ (ق)کے صدر چوہدری شجاعت حسین، اسپیکر پنجاب اسمبلی چوہدری پرویز الٰہی اور ان کے خاندانوں کے خلاف جاری انکوایاں بند کردیں ۔ نیب پراسیکیوٹر نے اس حوالہ سے باقا عدہ طور پر لاہور ہائی کورٹ کو آگاہ کردیا۔بدھ کو جسٹس صداقت علی خان اور جسٹس شہرام سرور چوہدری پر مشتمل دورکنی بینچ نے چوہدری برادران کی جانب سے اپنے خلاف جاری انکوائریوں اور چیئرمین نیب کے اختیارات کے خلاف دائر درخواست پر سماعت کی۔ دوران سماعت عدالت نے نیب پراسیکیوٹر سے استفسار کیا کہ گذشتہ سماعت پر ڈی جی نیب لاہور سے رپورٹ طلب کی تھی۔ اس پر نیب پراسیکیوٹر خلیق لزامان نے عدالت کو بتایا کہ چوہدری شجاعت حسین اور چوہدری پرویز الٰہی کے خلاف انکوائری بندکردی گئی ۔ فاضل جج نے استفسار کیا کہ کیا دونوں کے خلاف انکوائری بند کی ہے۔ اس پر نیب پراسیکیوٹر نے بتایا کہ چوہدری برادران اور ان کے تمام خاندان کے خلاف نیب انکوائریاں بند کردی گئی ہیں۔ عدالت نے نیب پراسیکیوٹر کے بیان کو ریکارڈ کا حصہ بناتے ہوئے چوہدری برادران کی جانب سے دائر درخواستوں کو نمٹا دیا۔ واضح رہے کہ چوہدری برادران نے لاہور ہائی کورٹ میں دائر درخواست میں عدالت سے استدعا کی تھی کہ ان کے خلاف نیب کی جانب سے جاری انکوائریوں کو غیر قانونی قراردے کر کالعدم قراردیا جائے۔