پی ٹی اے نے 43 قرضہ ایپلی کیشنز بلاک کردیں

پی ٹی اے کے اقدامات میں ایس ای سی پی سے بھی مشاورت و معاونت شامل ہے،امین الحق

اسلام آباد ( ویب  نیوز)

پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی ( پی ٹی اے )نے وزارت آئی ٹی کی ہدایت پر 43 قرضہ ایپلی کیشنز بلاک کردیں۔ وفاقی وزیر آئی ٹی امین الحق نے کہا ہے کہ غیرقانونی قرضہ ایپلی کیشن کیخلاف سخت کارروائی کا آغاز کردیا گیا۔وفاقی وزیر امین الحق نے کہا کہ چیئرمین پی ٹی اے کو ایسی ایپلی کیشنز کیخلاف فوری کارروائی کی ہدایت کی گئی، ہدایات پر فوری عملدرآمد کے تحت اب تک 43 ایپلی کیشنز بلاک کردی گئیں،پی ٹی اے کے  اقدامات میں ایس ای سی پی سے بھی مشاورت و معاونت شامل ہے۔دوسری جانب ایزی لون ایپس فنانشل سکیم سے راولپنڈی میں شہری کی ہلاکت کے بعد ایف آئی اے نے ایپس کے چاروں سیل دفاتر کا ریکارڈ تحقیقات کا حصہ بنا دیا۔ایف آئی اے نے لون ایپس کے اکائونٹ بلاک کرنے کیلئے متعلقہ کمپنیوں سے رجوع کرلیا۔ لون ایپس کمپنیوں کے تمام ملازمین کا ریکارڈ بھی ایف آئی اے کو موصول ہوگیا۔ ایف آئی اے سائبر کرائم ٹیم 19 افراد کے خلاف تحقیقات کر رہی ہے۔ایف آئی اے نے ڈیٹا ہیکنگ کے عمل کو بھی تفتیش کا حصہ بنانے کا فیصلہ کرلیا۔ فنانشل فراڈ میں استعمال ہونے والی سمز کے ریکارڈ کیلئے پی ٹی اے کو خطوط لکھ دیئے ۔