FEDERAL MINISTER FOR INTERIOR, SHEIKH RASHID AHMAD TALKING TO MEDIA AFTER VISITING NADRA MEGA CENTRE AT DHA KARACHI ON JANUARY 21, 2021.

فارن فنڈنگ کیس پاناما 2 بنے گا،شیخ رشید

 مریم نواز کی بہت ساری جائیدادیں نکل آئیں گی

مولانا فضل الرحمان سب سے زیادہ سیاسی خسارے میں رہنے والی شخصیت ہو ں گے

 مولانا میرے پیربھائی ہیں، دعوت دیتے تو اسرائیل کیخلاف ریلی میں ضرورشامل ہوتااور اس سے خطاب بھی کرتا

تمام تحصیل ہیڈکوارٹرز میں نادرا دفاتر کھولنے کا اعلان کرتا ہوں، ایک لاکھ شہریوں کو روزانہ مفت شناختی کارڈ جاری کریں گے

پاسپورٹ میں چپ لگا کر ای پاسپورٹ کرنے جا رہے ہیں، شہریوں کی شکایات بھی دور کی جائیں گی

نیب میرے ماتحت نہیں، میں اپنی ذمے داریوں میں کسی کو مداخلت کرنے نہیں دوں گا ،نادرا سینٹر میں تقریب سے خطاب، میڈیا سے گفتگو

رینجرز ہیڈ کوارٹرز کا دورہ ،حکام نے وفاقی وزیر داخلہ کو کراچی میں امن و امان کی صورت حال اور اٹھائے گئے اقدامات سے متعلق بریفنگ دی

کراچی (ویب  نیوز)وفاقی وزیرداخلہ شیخ رشیداحمد نے کہاہے کہ فارن فنڈنگ کیس پاناما 2 بنے گااور اہمیت اختیار کر جائے گا، مریم نواز کی بہت ساری جائیدادیں نکل آئیں گی۔کراچی میں نادرا سینٹر میں تقریب سے خطاب اور میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیرداخلہ نے کہا کہ فارن فنڈنگ کیس پانامہ

 

ٹو بنے گا، مریم کی بہت ساری جائیدادیں نکل آئیں گی، وہ اس کیس کو اچھی طرح پڑھ لیں یا پڑھوالیں۔ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن نے ہم سے تعاون کیا ، ہم نے بھی ان سے تعاون کیا، لانگ مارچ میںاسی طرح تعاون کیا گیا تو ہم بھی اسی طرح تعاون کریں گے، پہلی بار کسی وزیرداخلہ نے ریڈ زون جانے کی اجازت دی جو کچھ بھی ہو،مولانا فضل الرحمان سب سے زیادہ سیاسی خسارے میں رہنے والی شخصیت ہوں گے، سارے معاملات مولانا کے کھاتے میں پڑنے جا رہے ہیں، ان لوگوں نے پہلے بھی مولانا سے ہاتھ کیا تھا اور اب بھی ہوگا، مولانا میرے پیربھائی ہیں،مولانا فضل الرحمان دعوت دیتے تو اسرائیل کیخلاف ریلی میں ضرورشامل ہوتااور اس سے خطاب بھی کرتا۔انہوں نے کہا کہ ختم نبوت کیخلاف قانون میں فضل الرحمان نے ن لیگ کا ساتھ دیا۔وفاقی وزیرداخلہ نے کہا کہ پی ڈی ایم والے الیکشن کمیشن کے سامنے شام غریباں منارہے تھے،چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو عمرکوٹ میں جشن منارہے تھے اور میں ان سے خوش ہوں انہوں نے کہا کہ تمام تحصیل ہیڈکوارٹرز میں نادرا دفاتر کھولنے کا اعلان کرتا ہوں، ایک لاکھ شہریوں کو روزانہ مفت شناختی کارڈ جاری کریں گے، پاسپورٹ میں چپ لگانے کا فیصلہ کیا ہے، پاسپورٹ میں چپ لگا کر ای پاسپورٹ کرنے جا رہے ہیں، شہریوں کی شکایات بھی دور کی جائیں گی۔ایک سوال کے جواب میں شیخ رشید نے کہا کہ اپنے سے بڑا کام نہیں کرتا، نیب میرے ماتحت نہیں جب کہ میں اپنی ذمے داریوں میں کسی کو مداخلت کرنے نہیں دوں گا، بطور وزیر داخلہ میں اپنی ذمہ داریاں پوری کروں گا،نیب جانے اور مرادعلی شاہ جانیں۔ کراچی کو سیف سٹی بنانے جا رہے ہیں، رینجرز پورے شہر میں کیمرے لگانا چاہتی ہے۔ انہوں نے کراچی میں رینجرز ہیڈ کوارٹرز کا دورہ بھی کیا۔ رینجرز حکام نے وفاقی وزیر داخلہ کو کراچی میں امن و امان کی صورت حال اور رینجرز کی جانب سے اٹھائے جانے والے اقدامات سے متعلق بریفنگ دی کہ کراچی کے امن کو یقینی بنانے کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جائیں گے، دہشت گردی ، جرائم کے سدباب اور امن کی بحالی کے لیے رینجرز کا کردار اہم ہے۔