چین 31 جنوری تک ویکسین کی 5 لاکھ خوراک مفت فراہم کرے گا، شاہ محمود قریشی
یہ خیر سگالی اور دوستی کا ہاتھ جو چین نے ہماری طرف بڑھایا ہے جس کے لیے میں ان کا شکر گزار ہوں
وزیر خارجہ کی چینی ہم منصب سے ٹیلی فونک رابطے کے بعد میڈیا سے گفتگو
اسلام آباد(ویب نیوز)وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ چین نے 31 جنوری تک کورونا ویکسین کی 5 لاکھ خوراک مفت فراہم کرنے کا وعدہ کیا ہے۔اپنے چینی ہم منصب وانگ یی سے ٹیلی فونک رابطے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی نے کہا کہ چینی وزیرخارجہ سے طویل گفتگو کی اور پاکستان کی ضروریات کا ذکر کیا اور قوم کو خوش خبری دینا چاہتا ہوں کہ 3 جنوری تک فی الفور 5 لاکھ ویکسین کی خوراک دستیاب ہوں گی۔انہوں نے کہا کہ چینی وزیرخارجہ نے کہا کہ اپنا جہاز بھیجیے اور اس دوائی کو فی الفور لے جائیں، یہ ایک خوش آئند خبر اور خوش آئند پیش رفت ہے اور ان شا اللہ اس سے بہت جانیں بچانے میں ہمیں کامیابی ہوگی۔شاہ محمود قریشی نے کہا کہ ان سے ذکر کیا کہ ہماری ضروریات اس سے زیادہ ہے اور مستقبل میں اس کی ضرورت 11 لاکھ خوراک کی ہے اور اس پر بھی انہوں نے بڑی حوصلہ افزا بات کی اور کہا کہ ہم فروری کے آخر تک اس ضروررت کو بھی پوری کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں اور یہ ویکسن کی بھی دستیاب ہوگی۔ان کا کہنا تھا کہ انہوں نے کہا جب کووڈ-19 کے لیے جب دنیا سے تعاون کرنے کا فیصلہ کیا تو پہلا ملک جو ہمارے ذہن میں آیا وہ پاکستان ہے اور پاکستان ہم یقین دلانا چاہتے ہیں ہمارا تعاون آپ سے جاری رہے گی۔وزیرخارجہ نے کہا کہ پاکستان میں کینسنو ویکسن کی آزمائش جاری ہے اور اس کے بڑے اچھے نتائج نکلے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کی آبادی بہت بڑی ہے، ہماری ضروریات بھی اس کے مطابق کافی ہیں اور اس بڑی آبادی کی ضروریات پوری کرنے کے لیے ہم نے تبادلہ خیال کیا کہ نئے ٹرائلز کو سامنے رکھ کر ویکسین کی پیداوار کے لیے ہم مل کر آگے بڑھ سکتے ہیں اور اس پر بھی انہوں نے آمادگی کا اظہار کیا۔انہوں نے کہا کہ یہ جو کھیپ آرہی ہے ایک تعاون ہے جس کے لیے پاکستان سے کچھ نہیں لے رہے ہیں، یہ خیر سگالی اور دوستی کا ہاتھ جو چین نے ہماری طرف بڑھایا ہے جس کے لیے میں ان کا شکر گزار ہوں۔شاہ محمود قریشی نے کہا کہ میں اس خوش خبری سے قوم کو یہ اعتماد دلانا چاہتا ہوں کہ ہمارے وہ مریض اور وہ پاکستانی جو بڑی ہمت سے کووڈ-19 کا مقابلہ کر رہے ہیں، یہ ایک اچھی پیش رفت ہے اور دعا گوہ ہوں کہ اللہ سب کو اس وبا سے محفوظ رکھے۔