نیا بلدیاتی نظام نچلی سطح پر لوگوں کو حقیقی معنوں میں با اختیار بنائے گا،عثمان بزدار
عوام کے مسائل ان کی دہلیز پر حل ہوں گے، ترقی کا سفر نچلی سطح تک لے کر جائیں گے
وزیراعلیٰ پنجاب کی وزیر قانون پنجاب راجہ بشارت سے ملاقات میں گفتگو
لاہور(ویب نیوز)وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے کہا ہے کہ نیا بلدیاتی نظام نچلی سطح پر لوگوں کو حقیقی معنوں میں با اختیار بنائے گا،پنجاب کے ہر شہر اور گائوں میں ترقی کا نیا دور شروع ہوگا۔وزیراعلی پنجاب عثمان بزدار سے وزیر قانون پنجاب راجہ بشارت نے ملاقات کی ہے جس میں انہوں نے بلدیاتی انتخابات کی تیاریوں پر بریفنگ دی۔ ملاقات میں امن و عامہ کی صورتحال، عوام کے جان و مال کے تحفظ اور سیاسی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔اس موقع پر عثمان بزدارنے کہا کہ بلدیاتی الیکشن کے لئے تیاریاں کی جا رہی ہے، نیا بلدیاتی نظام نچلی سطح پر لوگوں کو حقیقی معنوں میں با اختیار بنائے گا، عوام کے مسائل ان کی دہلیز پر حل ہوں گے، ترقی کا سفر نچلی سطح تک لے کر جائیں گے، پنجاب کے ہر شہر اور گائوں میں ترقی کا نیا دور شروع ہوگا۔وزیراعلی پنجاب نے کہا کہ اپوزیشن نے اڑھائی برس احتجاج کیا جبکہ تحریک انصاف کی حکومت نے عوامی خدمت، پی ڈی ایم کا کوئی ایجنڈا نہیں، عوام نے اپوزیشن کی انتشار کی سیاست کو یکسر رد کر دیا، یہ عناصر عوام میں اپنی ساکھ کھو چکے، وزیراعظم قوم کی امید ہیں، عمران خان کی قیادت میں نئے پاکستان کی منزل کی جانب بڑھتے رہیں گے۔ انہوںنے امن و امان کی فضا برقرار رکھنے کیلئے تمام ضروری اقدامات کی ہدایت کر تے ہوئے کہاکہ عوام کے جان و مال کے تحفظ کیلئے کوئی کسر اٹھا نہ رکھی جائے، صوبے میں قانون کی پاسداری کو ہر قیمت پر یقینی بنایا جائے گا، کسی صورت قانون شکنی برداشت نہیں کی جائے گی۔اس موقع پر راجہ بشارت نے کہا کہ صوبے کے عوام کے جان و مال کے تحفظ کیلئے ہر ممکن اقدام کیا گیا ہے، بلدیاتی انتخابات کے لیے مشاورت جاری ہے، ایسا بلدیاتی نظام لا رہے ہیں، جس سے عوام کے مسائل گراس روٹ لیول پر حل ہونگے، پی ڈی ایم نے ہر اہم ایشو پر منفی سیاست کی کوشش کی، اپوزیشن نے قومی مفادات کو یکسر فراموش کر دیا، عوام نے جلسوں سے لاتعلق رہ کر اپوزیشن کو آئینہ دکھا دیا۔