• پنجاب میں بھاری رشوت لیکر تقرریاں، بشری بی بی کے بیٹے، فرح گوگی، عثمان بزدار سمیت 8 افراد کیخلاف مقدمہ
  • ملزمان نے مختلف محکموں میں اعلی عہدوں پر تبادلے و تقرریوں کے لیے کروڑوں روپے وصول کیے،اینٹی کرپشن حکام
  •  یہ رقم فرح گوگی نے وصول کرکے مختلف بینکوں میں جمع کروائی،ب تک کی کارروائی میں 45 کروڑ کی رقم وصول کی گئی
  • ملزمان نے اپنے عہدے کا ناجائز استعمال کرتے ہوئے پرکشش عہدوں پر ٹرانسفر پوسٹنگ کی ،ایف آئی آر کا متن
  • سابق بیوروکریٹ طاہر خورشید، صالحہ سعید، خواجہ سہیل، احمد عزیز تارڑ اور عثمان معظم بھی مقدمے میں ملزم نامزد ہیں
  • ملزمان کی گرفتاریوں کے لیے ٹیمیں تشکیل دے دی گئی ہیں، جن کی جلد گرفتاریاں متوقع ہیں،اینٹی کرپشن حکام

لاہور (ویب نیوز)

پنجاب میں مبینہ طور پر رشوت لے کر تعیناتیاں اور تقرریاں کرنے پر اینٹی کرپشن حکام نے بشری بی بی کے بیٹے ابراہیم مانیکا اور سابق وزیراعلی پنجاب عثمان بزدار سمیت 8 اہم شخصیات کیخلاف مقدمہ درج کر لیا۔اینٹی کرپشن کے مطابق ملزمان نے مختلف محکموں میں اعلی عہدوں پر تبادلے و تقرریوں کے لیے کروڑوں روپے وصول کیے، یہ رقم فرح گوگی نے وصول کرکے مختلف بینکوں میں جمع کروائی۔ایف آئی آر میں کہا گیا کہ ملزمان نے اپنے عہدے کا ناجائز استعمال کرتے ہوئے پرکشش عہدوں پر ٹرانسفر پوسٹنگ کی اور اب تک کی کارروائی میں 45 کروڑ کی رقم وصول کی گئی۔اینٹی کرپشن حکام کے مطابق جن 8 اہم شخصیات کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا ہے ان میں سابق خاتونِ اول بشری بی بی کا بیٹا ابراہیم مانیکا بھی ملزم نامزد ہے۔اینٹی کرپشن حکام نے بتایا ہے کہ بشری بی بی کی سہیلی فرحت شہزادی عرف فرح گوگی اور سابق وزیرِ اعلی پنجاب سردار عثمان بزدار کے خلاف بھی یہ مقدمہ درج کیا گیا ہے۔اینٹی کرپشن حکام کا کہنا ہے کہ سابق بیوروکریٹ طاہر خورشید، صالحہ سعید، خواجہ سہیل، احمد عزیز تارڑ اور عثمان معظم بھی اس مقدمے میں ملزم نامزد ہیں۔اینٹی کرپشن حکام نے بتایا ہے کہ رشوت ستانی کا مقدمہ تھانہ اینٹی کرپشن ہیڈ کوارٹر میں طویل انکوائری کے بعد درج کیا گیا ہے۔اینٹی کرپشن حکام کے مطابق ان 8 ملزمان نے بھاری رشوت لے کر صوبے بھر میں افسران کو من پسند پوسٹیں دیں۔اینٹی کرپشن حکام کا یہ بھی کہنا ہے کہ ملزمان کی گرفتاریوں کے لیے ٹیمیں تشکیل دے دی گئی ہیں، جن کی جلد گرفتاریاں متوقع ہیں۔