زائد اثاثے ،خورشید شاہ کے 14میںسے13فرنٹ مینوں کوکلین چٹ
خورشید شاہ کے فرنٹ مین ہونے کی بناء پر انکوائری میں تحقیقات کی گئیں تاہم کوئی شواہد نہیں ملے،نیب پراسیکیوٹر
عدالت نے نیب رپورٹ جمع کر انے کے بعد اعجاز احمد، بہلاج مل اور دیگر کی جانب سے دائر ضمانت کی درخواستیں نمٹا دیں
کراچی (ویب نیوز)قومی احتساب بیورو(نیب) نے آمدن سے زائد اثاثوں کے کیس میں گرفتار پاکستان پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما سید خورشید احمد شاہ کے 14مبینہ فرنٹ مینوں میں سے 13کوکلین چٹ دے دی۔ اعجاز احمد اور بہلاج مل سمیت دیگر فرنٹ مینوں کو نیب کی جانب سے کلین چٹ دے دی گئی ہے۔ بدھ کو سیدخورشید شاہ کے14مبینہ فرنٹ مینوں کی جانب سے دائر ضمانت کی درخواستوں پر سندھ ہائی کورٹ میں سماعت ہوئی۔ دوران سماعت نیب پراسیکیوٹر کی جانب سے پیش رفت رپورٹ پیش کی گئی۔ نیب پراسیکیوٹر نے بتایا کہ ان ملزمان کے خلاف خورشید شاہ کے فرنٹ مین ہونے کی بناء پر انکوائری میں تحقیقات کی گئیں تھیں تاہم ان کے خلاف کوئی شواہد نہیں ملے۔ نیب پراسیکیوٹر نے بتایا کہ صرف ایک فرنٹ مین برکت اللہ کے خلاف شواہد ملے ہیں اور اس کے خلاف ضمنی ریفرنس دائر کیا جائے گا اور اس حوالہ سے سفارشات چیئرمین نیب جسٹس (ر)جاوید اقبال کو ارسال کر دی گئی ہیں۔ عدالت نے نیب کی جانب سے رپورٹ جمع کروانے کے بعد اعجاز احمد، بہلاج مل اور دیگر کی جانب سے دائر ضمانت کی درخواستیں نمٹا دی ہیں۔