(اسلام آباد(ویب نیوز )
پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) سال 2021 کی پہلی سہ ماہی کے دوران خود کار ٹول کے ذریعے کوالٹی آف سروس (کیو او ایس) سروے کرے گا۔ اس کا مقصد موبائل فون آپریٹروں (سی ایم اوز) کو لائسنس کے معیار کے مطابق آواز اور ڈیٹا خدمات کی فراہمی کو یقینی بنانا ہے۔
یہ موبائل آپریٹروں کے آوازاور ڈیٹا خدمات کے معیار کو جانچنے کے لئے سال کے دوران کئے جانے والے سروے کا پہلا سلسلہ ہے۔ سروے میں آواز، ایس ایم ایس اور ڈیٹا سروسز کے پیرامیٹرز کو جانچنے کے لیے نئے خودکار کوالٹی آف سروس مانیٹرنگ اوربینچ مارکنگ ٹول ”اسمارٹ بینچ مارکر”کا استعمال کیا جائے گا۔سروے میں اے جے اینڈ کے اور گلگت بلتستان سمیت پاکستان کے 30 سے زائد شہروں،قصبوں،ہائی ویز /موٹرویز اور شاہراؤں کا احاطہ کیا جائے گا۔
سروے میں موبائل سروسز کی بینچ مارکنگ کے لئے تیار کئے گئے نئے بین الاقوامی معیارات کے پیش نظر لائسنس کیو او ایس پیرا میٹرز کے علاوہ ”اسمارٹ بینچ مارکر“کے ذریعے کی پرفارمنس انڈیکیٹرز (کے پی آئیز) کی جانچ پڑتال بھی شامل ہوگی۔
سرگرمی کی تکمیل کے بعد، سروے کے نتائج عوام کی معلومات کے لئے شائع کئے جائیں گے اور ضرورت کے تحت مناسب کارروائی کی جائے گی۔ یہ سروے صارفین کو فراہم کی جانے والی موبائل سروسزکے معیار کو بہتر بنانے میں اہم کردار ادا کریں گے۔