پشاور۔۔ویمن یونیورسٹی صوابی نے سنٹر فار آن لائن لرننگ قائم کرنے کا اعلان کردیا
مکمل آن لائن تدریس کاسنٹر قائم کرنے والی خیبر پختونخوا کی پہلی سرکاری جامعہ ہوگی
معاون خصوصی برائے اطلاعات و اعلیٰ تعلیم کامران بنگش کی وائس چانسلر کو مبارک باد،مذکورہ قدم قابل تقلید ہے، کامران بنگش
پشاور(ویب نیوز)وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے معاون خصوصی برائے اطلاعات و اعلیٰ تعلیم کامران بنگش نے ویمن یونیورسٹی کی انتظامیہ کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ مذکور ہ سنٹر کا قیام ایک بہترین اقدام اور دورحاضر کی اہم ضرورت ہے، محکمہ اعلیٰ تعلیم کی جانب سے جامعہ کو مکمل حمایت کی یقین دہانی کرواتا ہوں۔ وائس چانسلر کی بہترین کارکردگی کی بدولت ویمن یونیورسٹی صوابی ترقی کی منازل طے کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مذکورہ اقدام سے جامعہ کی طالبات کو بے انتہا فائدہ پہنچے گا، دوسری جامعات بھی اس اقدام کی تقلید کریں۔وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر شاہانہ عروج کاظمی کے مطابق کورونا وائرس نے تعلیمی شعبے کو سب سے زیادہ متاثر کیا ہے، اب ساری دنیا ڈیجیٹل اور آن لا ئن تدریسی نظام کو اپنا رہی ہے اور آن لائن لرننگ وقت کی ا ہم ضرورت بن چکا ہے۔ اس سلسلے میں ویمن یونیورسٹی صوابی میں اپنی نوعیت کا پہلاسنٹر فار آن لائن لرننگ قائم کیا جائے گا جس میں طالبات کو جدید اور بین الاقوامی طرز پر آن لائن لرننگ فراہم کی جائے گی۔ اساتذہ کے لیکچرز کو ریکارڈ کیا جائے گا۔ انہوں نے مزید واضح کیا کہ جس کو طالبات کسی بھی وقت یونیورسٹی کے پورٹل پر دیکھ سکیں گے اور اساتذہ ان کی رہنمائی کرسکیں گے۔ ڈاکٹر شاہانہ عروج نے مزید کہا کہ ویمن یونیورسٹی صوابی ایک مکمل آن لائن تدریس کاسنٹر قائم کرنے والی خیبر پختونخوا کی پہلی جامعہ ہوگی، پہلے مرحلے میں یہ سہولت صرف ہمارے طلبہ کو دستیاب ہوگی اور دوسرے مرحلے میں ہم دوسری جامعات کو بھی دعوت دینگے کہ وہ ہماری سہولت سے مستفید ہوں۔آن لائن لرننگ تعلیم کا مستقبل ہے اور وہی جامعات کامیابی کا سفر طے کرینگی جو اس حقیقت کو سمجھ لیں اور اس کے لئے مناسب اقدامات اٹھالیں۔ کورونا وائرس کے بعد سب سے بڑا چیلنج جو ہمیں درپیش تھا کہ تعلیمی سلسلے کو کسی طرح جاری رکھا جاسکے، ہماری جامعہ نے بھی دوسری جامعات کی طرح اس چیلنج کو قبول کیا اور نئے رجحانات کا بروقت ادراک کرتے ہوئے پہلے ایک مربوط آن لائن تدریس کا انعقاد کیا اور اب سنٹر قائم کرنے جارہے ہیں جو صوبے کی دیگر جامعات کے لئے بھی ایک نئی سمت متعین کرے گا۔ بیرون ملک موجود نامور جامعات کے اسکالرز اور سائنسدانوں کے لیکچر بھی ہمارے طلبہ کو میسر ہونگے۔ جامعہ کے شعبہ اطلاعات عامہ و اشاعت کی جانب سے تمام شعبوں کے اساتذہ کی جانب سے شعبوں کی تعارفی ویڈیوں کو جامعہ کے آفیشل یوٹیوب چینل پر بھی جاری کردیا گیا ہے۔