اسلام آباد: (ویب نیوز) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا امریکی ہم منصب انتھونی بلنکن کیساتھ ٹیلی فونک رابطہ ہوا ہے، دونوں رہنماؤں کے درمیان گفتگو میں اہم امور پر زیر بحث آئے۔
تفصیل کے مطابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا اپنے امریکی ہم منصب انتھونی بلنکن کے ساتھ ٹیلیفونک رابطہ ہوا ہے۔ دونوں وزرائے خارجہ کے مابین دو طرفہ تعلقات اور کثیر الجہتی شعبہ جات میں دو طرفہ تعاون کے فروغ سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے امریکی وزیر خارجہ انتھونی بلنکن منصب سنبھالنے پر مبارکباد دی۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان، امریکہ کے ساتھ جامع شراکت داری کے قیام کیلئے پرعزم ہے۔
شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ پاکستان اور امریکہ جامع مذاکرات کے ذریعے افغان مسئلے کے سیاسی حل کے متمنی ہیں۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ افغانستان میں پرتشدد واقعات میں کمی لائی جائے تاکہ افغان مسئلے کے پرامن سیاسی حل کی راہیں ہموار ہوں۔