• پریزنرز قوانین 1978 کے مطابق قیدیوں کو بیرون ملک ٹیلیفون پر بات کی اجازت نہیں،جواب
  • عدالت نے اٹک جیل سپرنٹنڈنٹ کے جواب پر 18 ستمبر کو دلائل طلب کر لئے

اٹک (ویب نیوز)

اٹک جیل حکام نے چیئرمین پی ٹی آئی کی بیٹوں سے ٹیلی فونک گفتگو کرانے سے انکار کردیا۔ آفیشل سیکرٹ ایکٹ کے تحت قائم اسلام آباد کی  خصوصی عدالت میں اٹک جیل سپرنٹنڈنٹ نے توہین عدالت کی درخواست پر تحریری جواب جمع کرا دیا۔اٹک جیل سپرنٹنڈنٹ کا اس حوالے سے جواب میں کہنا ہے کہ جیل قوانین اجازت نہیں دیتے، ٹیلی فونک گفتگو نہیں کروائی جا سکتی۔جیل سپرنٹنڈنٹ نے کہا کہ قوانین کے مطابق سیکرٹ ایکٹ کے ملزمان کو ٹیلیفون کی سہولت نہیں، ٹیلیفون سے متعلق عدالتی حکم کی خلاف ورزی نہیں کی گئی، اس حوالے سے عدالت کے جج ابوالحسنات ذوالقرنین نے اٹک جیل سپرنٹنڈنٹ کے جواب پر 18 ستمبر کو دلائل طلب کر لئے۔سپرنٹنڈنٹ اٹک جیل نے پنجاب پریزنرز فائونڈیشن کا خط بھی عدالت میں جمع کروایا ہے، جیل سپرنٹنڈنٹ کے جواب کے مطابق پریزنرز قوانین 1978 کے مطابق قیدیوں کو بیرون ملک ٹیلیفون پر بات کی اجازت نہیں ۔