نامزد چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کو حلف اٹھانے سے روکنے کیلئے سپریم جوڈیشل کونسل میں درخواست دائر

جسٹس قاضی فائز عیسیٰ اپنی اہلیہ کی جائیدادوں کی وضاحت دینے میں ناکام رہے،چیف جسٹس کے معیار پر پورے نہیں اترتے

 انصاف فراہم کرنے والوں کو شفاف اور کسی بھی الزام سے پاک ہونا چاہیے،درخواست

اسلام آباد (ویب  نیوز)

نامزد جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کو بطور چیف جسٹس حلف اٹھانے سے روکنے کیلئے سپریم جوڈیشل کونسل میں درخواست دائر کردی گئی۔دائر کردہ شکایت میں اعلی عدلیہ کے دیگر چار ججز کیخلاف بھی کارروائی کی استدعا کی گئی۔شکایت مقامی وکیل ہاشم صابر راجہ کی جانب سے دائر کی گئی جس میں کہا گیا کہ جسٹس قاضی فائز عیسیٰ اپنی اہلیہ کی جائیدادوں کی وضاحت دینے میں ناکام رہے۔درخواست گزارنے کہا کہ انصاف فراہم کرنے والوں کو شفاف اور کسی بھی الزام سے پاک ہونا چاہیے،جسٹس فائز عیسیٰ کسی بھی طرح جج اور چیف جسٹس کے معیار پر پورا نہیں اترتے، جسٹس فائز عیسی اپنی رائے کیخلاف وکلا کے دلائل بھی توجہ اور صبرسے نہیں سنتے۔درخواست میں کہا گیا کہ جسٹس مظاہر نقوی اسٹیبلشمنٹ سے ڈیل کے مرتکب ہوئے،ڈیل کے نتیجہ میں پرویز مشرف کو سزا سنانے والی عدالت کا قیام کالعدم قرار دیا گیا۔ ڈیل کے نتیجہ میں ہی جسٹس مظاہر نقوی کو سپریم کورٹ کا جج بنایا گیا۔درخواست گزار نے شکایت میں مزید کہا کہ جسٹس امین الدین خان نے اٹارنی جنرل اور ایڈووکیٹ جنرل آفسز میں رشتے دار بھرتی کرائے۔ جسٹس امین الدین خان اختیارات کے ناجائز استعمال کے مرتکب قرار پائے۔  وکیل ہاشم صابر راجہ نے اپنی درخواست میں کہا کہ  چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ اور جسٹس علی ضیا باجوہ نے بھی اختیارات کا غلط استعمال کیا، دونوں ججز نے اثر رسوخ استعمال کرکے جم خانہ کلب کی ممبرشپ خلاف ضابطہ حاصل کی۔