صحت کے شعبے میں مصنوعی ذہانت کے ذمہ دارانہ استعمال کے لیے لمز اور پنجاب حکومت کا معاہدہ

لاہور ( ویب ڈیسک ) لاہور یونیورسٹی آف مینجمنٹ سائنسز (لمز) کے نیشنل اے آئی ہب برائے ماں ، نومولود اور بچوں کی صحت نے آفس آف اے آئی پنجاب کے ساتھ مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کر دیے۔ اس معاہدے کا مقصد صوبے میں صحتِ عامہ کی ترجیحات اور طبی سہولیات کی فراہمی کے لیے مصنوعی ذہانت کے ذمہ دارانہ استعمال کو فروغ دینا ہے۔


اس شراکت داری کے ذریعے پنجاب میں مصنوعی ذہانت سے متعلق صوبائی حکومتی اقدامات کو لمز کی تحقیقی صلاحیتوں اور عملی تجربے سے منسلک کیا جائے گا۔ تعاون کے تحت مصنوعی ذہانت کے ایسے عملی استعمالات پر توجہ دی جائے گی جو صحت کے نظام میں فیصلہ سازی کو بہتر بنانے، طبی عملے کی معاونت اور سرکاری شعبے میں خدمات کی فراہمی کو مؤثر بنانے میں مدد دے سکیں ۔ اس سلسلے میں مقامی ضروریات سے مطابقت رکھنے والے اور مستند شواہد پر مبنی طریقہ کار کو ترجیح دی جائے گی۔
معاہدے پر دستخط کی تقریب میں وزیر صحت و آبادی خواجہ عمران نذیر، وزیراعلیٰ پنجاب کے مشیر برائے مصنوعی ذہانت و خصوصی اقدامات علی ڈار، سیکرٹری آفس آف اے آئی پنجاب احمد رجوانہ، لمز کے پرووسٹ اور قائم مقام وائس چانسلر ڈاکٹر طارق جدون، اور نیشنل اے آئی ہب برائے ماں ، نومولود اور بچوں کی صحت کی ڈائریکٹر اور پرنسپل انویسٹی گیٹر ڈاکٹر مریم مصطفیٰ نے شرکت کی۔

یہ شراکت داری نیشنل اے آئی ہب کی صوبائی حکومتوں اور ترقیاتی اداروں کے ساتھ تعاون کی کوششوں کا حصہ ہے۔ اس سلسلے میں بل اینڈ میلنڈا گیٹس فاؤنڈیشن کے اعلیٰ سطحی وفد نے بھی لمز میں قائم نیشنل اے آئی ہب کا دورہ کیا، جہاں مصنوعی ذہانت اور صحتِ عامہ کے حوالے سے ہب کی سرگرمیوں کا جائزہ لیا گیا اور باہمی تعاون کے ممکنہ شعبوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

وفد میں گیٹس فاؤنڈیشن کے شعبہ صنفی مساوات کی صدر ڈاکٹر انیتا زیدی اور عالمی پالیسی و وکالت کے شعبے کی عبوری صدر ڈاکٹر کلپنا کوچر سمیت فاؤنڈیشن کے دیگر اعلیٰ حکام شامل تھے۔ ملاقات میں اس بات پر گفتگو ہوئی کہ مصنوعی ذہانت کے شعبے میں تحقیق کس طرح صحت کے بہتر نتائج اور تمام طبقات کے لیے طبی سہولیات تک بہتر رسائی میں مدد دے سکتی ہے۔

نیشنل اے آئی ہب نے حکومت سندھ اور آغا خان یونیورسٹی (اے کے یو) کے ساتھ بھی باضابطہ شراکت داری قائم کی ہے۔ اس تعاون کا مقصد مصنوعی ذہانت کی مدد سے مریضوں کو لاحق خطرات کی درجہ بندی کے ماڈلز، طبی فیصلوں میں معاونت فراہم کرنے والے نظام اور زچہ و بچہ کی صحت کے شعبے میں بنیادی سطح پر خدمات انجام دینے والے طبی عملے کے لیے آواز کے ذریعے استعمال ہونے والے معاون آلات کو فروغ دینا ہے۔

ان شراکت داریوں کا مقصد یہ جانچنا ہے کہ مصنوعی ذہانت پر مبنی ٹیکنالوجیز کس طرح طبی عملے کی معاونت اور پاکستان بھر میں خواتین، نومولود بچوں اور کم عمر بچوں کے لیے طبی نگہداشت کو بہتر بنانے میں مدد دے سکتی ہیں ۔