میں کوئی خصوصی رعایت نہیں چاہتا، صرف سپریم کورٹ کے احکامات پر عملدرآمد اور مناسب طبی سہولیات فراہم کی جائیں، زندہ رہوں گا تو ہی اپنی بے گناہی ثابت کر سکوں گا۔ اپنے اور اہلیہ کے لیے صرف طبی علاج اور انصاف کا مطالبہ کر رہا ہوں، عمران خان

سپر (  سپریم کورٹ کے حکم پر عملدرآمد ؟ ) زندگی اور صحت کو شدید خطرات لاحق ہیں ( بانی پی ٹی آئی عمران خان)

میری طبی جانچ کے لیے ماہر امراض قلب اور ماہر امراض چشم پر مشتمل میڈیکل بورڈ بنانے کا حکم بھی دیا گیا تھا، اڈیالہ جیل میں مجھے روزانہ 22 گھنٹے تک تنہائی میں رکھا جاتا ہے، مجھے اہل خانہ، وکلا، کتابوں اور ٹیلی ویژن سے محروم رکھا گیا،

اپریل 2026 میں بشریٰ بی بی کی آنکھ کا پردہ متاثر ہوا اور ان کی پیچیدہ سرجری کی گئی، بشریٰ بی بی کی بینائی کو مستقل نقصان پہنچنے کا خدشہ ہے، انہیں فوری دوسری سرجری کی ضرورت ہے، بشریٰ بی بی کے میڈیکل ریکارڈ فراہم نہیں کیے جا رہے .بانی پی ٹی آئی

بانی پی ٹی آئی نے اڈیالہ جیل سے چیف جسٹس پاکستان، چیف جسٹس وفاقی آئینی عدالت اور چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ کے نام خط لکھا ہے اور اپنی اور بشریٰ بی بی کی طبی حالت پر فوری توجہ اور انصاف کی فراہمی کی اپیل کی ہے۔ مکتوب بنام عدلیہ

برین ہیمرج اور دل کے دورے کا خطرہ، بروقت انصاف دیا جائے: عمران خان کا چیف جسٹس کو خط

راولپنڈی: (مانیٹرنگ ڈیسک  ) بانی پی ٹی آئی نے اڈیالہ جیل سے چیف جسٹس پاکستان، چیف جسٹس وفاقی آئینی عدالت اور چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ کے نام خط لکھا ہے اور اپنی اور بشریٰ بی بی کی طبی حالت پر فوری توجہ اور انصاف کی فراہمی کی اپیل کی ہے۔

بانی پی ٹی آئی عمران خان نے خط میں لکھا کہ میری زندگی اور صحت کو شدید خطرات لاحق ہیں، سپریم کورٹ کے 18 اگست 2026 کے حکم پر تاحال عملدرآمد نہیں ہوا، سپریم کورٹ نے مجھے دو روز میں شفا انٹرنیشنل اسپتال منتقل کرنے کا حکم دیا تھا۔

خط میں کہا گیا کہ میری طبی جانچ کے لیے ماہر امراض قلب اور ماہر امراض چشم پر مشتمل میڈیکل بورڈ بنانے کا حکم بھی دیا گیا تھا، اڈیالہ جیل میں مجھے روزانہ 22 گھنٹے تک تنہائی میں رکھا جاتا ہے، مجھے اہل خانہ، وکلا، کتابوں اور ٹیلی ویژن سے محروم رکھا گیا، رواں سال مجھے اپنے وکلا سے صرف چار مرتبہ ملاقات کی اجازت دی گئی۔

بانی نے بتایا کہ بشریٰ بی بی کو بھی رواں سال اپنے وکلا سے صرف ایک مرتبہ ملاقات کی اجازت ملی، میرے بیٹوں کو مجھ سے فون پر بات کرنے کی اجازت نہیں دی جا رہی، عدالت کے واضح احکامات کے باوجود میرے بیٹوں سے ہفتے میں دو مرتبہ فون پر بات نہیں کروائی جا رہی۔

پی ٹی آئی کے بانی نے خط میں لکھا کہ میری ہفتہ وار اہلیہ سے ملاقات بھی جیل انتظامیہ کی جانب سے مسلسل منسوخ کی جا رہی ہے، جیل کے میڈیکل بورڈ نے ذہنی صحت کے لیے اہل خانہ سے زیادہ رابطے، مطالعے اور ٹیلی ویژن کی سفارش کی تھی۔

عمران خان نے خط میں بتایا کہ جیل انتظامیہ نے میڈیکل بورڈ کی سفارشات پر عملدرآمد نہیں کیا، میری دائیں آنکھ کی 85 فیصد بینائی ختم ہو چکی ہے، فروری 2026 میں میرے وکیل نے ملاقات کے دوران میری دائیں آنکھ کی بینائی میں 85 فیصد کمی کی نشاندہی کی تھی۔

انہوں نے یہ بھی بتایا کہ اپریل 2026 میں بشریٰ بی بی کی آنکھ کا پردہ متاثر ہوا اور ان کی پیچیدہ سرجری کی گئی، بشریٰ بی بی کی بینائی کو مستقل نقصان پہنچنے کا خدشہ ہے، انہیں فوری دوسری سرجری کی ضرورت ہے، بشریٰ بی بی کے میڈیکل ریکارڈ فراہم نہیں کیے جا رہے اور ان کے ڈاکٹروں تک رسائی بھی روکی جا رہی ہے۔

بانی پی ٹی آئی نے کہا کہ میری اہلیہ کی صحت اور بینائی کے حوالے سے شدید تشویش ہے، اڈیالہ جیل میں تنہائی کے باعث میرا بلڈ پریشر خطرناک حد تک بڑھ چکا ہے، گزشتہ ہفتے میرا بلڈ پریشر 192 اور 193 تک پہنچ گیا تھا، ڈاکٹروں کے مطابق مجھے برین ہیمرج اور دل کے دورے کا شدید خطرہ ہے۔

خط کے مطابق میرا دل پہلے ہی متاثر ہو چکا ہے، میں نے ہمیشہ اپنے خلاف مقدمات کا سامنا عدالتوں میں کیا اور قانون کا راستہ اختیار کیا، میں نے کبھی طبی بنیادوں پر ریلیف لینے کی کوشش نہیں کی، میری اپیلیں زیر التوا ہیں جبکہ طبی صورتحال اور بنیادی حقوق کے معاملات نظرانداز ہو رہے ہیں۔

بانی پی ٹی آئی کے مطابق القادر اپیل کو پرانی اپیلوں سے پہلے سماعت کے لیے مقرر کیا جا رہا ہے، میری صحت، میری اہلیہ کی بینائی اور سپریم کورٹ کے احکامات پر عملدرآمد کو ترجیح نہیں دی جا رہی، جیل مینول، جیل قواعد اور آئینی حقوق کی کھلم کھلا خلاف ورزی کی جا رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ میں نے اپنی زندگی اسپتال بنانے اور غریبوں کو مفت علاج فراہم کرنے کے لیے وقف کی، آج میں اپنے اور اپنی اہلیہ کے لیے صرف طبی علاج اور انصاف کا مطالبہ کر رہا ہوں، میں کوئی خصوصی رعایت نہیں چاہتا، صرف سپریم کورٹ کے احکامات پر عملدرآمد اور مناسب طبی سہولیات فراہم کی جائیں، زندہ رہوں گا تو ہی اپنی بے گناہی ثابت کر سکوں گا۔

بانی پی ٹی آئی نے کہا کہ چیف جسٹس صاحبان سے اپیل ہے کہ دیر ہونے سے پہلے مجھے انصاف فراہم کیا جائے