اسرائیلی فوج کی کارروائی ،فلسطینی زرعی املاک، رہائشی تنصیبات مسمار
تین شہریوں کے مختلف خیموں کو گرا دیا گیا ،ایک گاڑی قبضے میں لے لی
وادی اردن(ویب نیوز)اسرائیلی فوج نے کارروائی کرتے ہوئے وادی اردن کے علاقے میں واقع فلسطینی زرعی املاک اور رہائشی تنصیبات مسمار کر دیں۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق اسرائیلی فوج نے وادی اردن کے علاقے خربت حمصہ پر بلڈوزروں کے ساتھ حملہ کر دیا اور علاقے کے رہائشیوں سے مکانات خالی کروانے کے بعد گھروں کو منہدم کرنے کی مہم شروع کردی۔مقامی لوگوں کے مطابق علاقے میں تین شہریوں کے مختلف خیموں کو گرا دیا گیا اور ایک شہری کی گاڑی کو قبضے میں لے لیا۔اسرائیل اس سے قبل گذشتہ سال کے دوران بھی فلسطینی شہریوں کو علاقے سے بے دخل کرنے اور ان کی زمینوں پر یہودی آبادکاری کرنے کے لئے وسیع پیمانے پرایک مہم چلائی گئی تھی۔اس انہدامی آپریشن کے دوران اسرائیلی فوج نے علاقے میں موجود تمام تنصیبات مسمار کر کے فلسطینیوں کی تمام امیدوں پر پانی پھیر دیا تھا۔
اسرائیلی حکام کی جانب سے گذشتہ ماہ مسجد ابراہیمی میں اذان دینے پر 50بار پابندی عائد کی گئی ۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق اسرائیلی حکام کی طرف سے مسجد ابراہیمی میں اذان اور نماز کی ادائیگی پر ناروا پابندیوں کا سلسلہ جاری رہا، گذشتہ ماہ صہیونی فوج نے الخلیل شہر کی تاریخی مسجد ابراہیمی میں اذان دینے پر 50 بار پابندی عاید کی۔خیال رہے کہ اسرائیلی فوج کا دعویٰ ہے کہ اذان دینے سے یہودی آباد کاروں کے آرام وسکون میں خلل پڑتا ہے۔ خاص طور پر مغرب کی اذان دینے پر اکثر پابندی عائد کی جاتی ہے۔