جعلی اکائونٹس سکینڈل ‘نیب کو دوہفتوں میں ضمنی ریفرنس دائر کر نے کا حکم
عدالت کی عبوری ریفرنس کی کاپیاں ملزمان کو فراہم کرنے کی ہدایت ،سماعت 18 فروری تک ملتوی
کیا اس کیس میں ضمنی ریفرنس بھی دائر کرنا ہے:جج محمد بشیر، اگر ضرورت پڑی تو ضمنی ریفرنس دائر کیا جائے گا:نیب پراسیکیوٹر
اسلام آباد (ویب نیوز)اسلام آباد کی احتساب عدالت نے جعلی اکائونٹس سکینڈل اور کڈنی ہلز پلاٹس الاٹمنٹ ریفرنس میں قومی احتساب بیورو(نیب) کو دوہفتوں میں ضمنی ریفرنس دائر کر نے کا حکم دے دیا ۔جمعرات کو اسلام آباد کی احتساب عدالت کے جج محمد بشیر نے جعلی اکائونٹس سکینڈل اور کڈنی ہلز پلاٹس الاٹمنٹ ریفرنس کی سماعت کی، ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سلیم مانڈوی والا اور دیگرملزمان احتساب عدالت اسلام آباد میں پیش ہو ئے۔پیپلز پارٹی کے سینیٹر مصطفی نواز کھوکھر بھی احتساب عدالت اسلام آباد پہنچے۔سلیم مانڈوی والا اور اعجاز ہارون کی جانب سے بیرسٹر قاسم عباسی نے وکالت نامہ جمع کرا دیا۔جج محمد بشیر نے نیب پراسیکیوٹر سے استفسار کیا کہ کیا اس کیس میں ضمنی ریفرنس بھی دائر کرنا ہے؟۔نیب پراسیکیوٹر نے جواب دیا کہ اگر ضرورت پڑی تو ضمنی ریفرنس دائر کیا جائے گا۔احتساب عدالت نے نیب کو 2 ہفتوں میں ضمنی ریفرنس دائر کرنے کا حکم دے دیا اور کہا کہ 2 ہفتوں کا ٹائم دے رہے ہیں، مزید جو تفتیش کرنی ہے کریں اور آئندہ سماعت تک ضمنی ریفرنس دائر کر دیں۔عدالت نے عبوری ریفرنس کی کاپیاں ملزمان کو فراہم کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کیس کی سماعت 18 فروری تک ملتوی کر دی۔اسلام آباد کی احتساب عدالت نے نیب ریفرنس پر ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سلیم مانڈوی والا، ندیم مانڈوی والا، اعجاز ہارون، عبدالغنی مجید، مبینہ بے نامی طارق محمود اور دیگر کو طلب کیا تھا۔