اسدقیصر نے ایوان کے تقدس کی پائمالی کا نوٹس لے لیا
4 فروری کے ناخوشگوار واقعہ کی جانچ پڑتال کا فیصلہ
ممکنہ سخت ایکشن کے لئے کاروائیوں کا ریکارڈ طلب
اسپیکر قومی اسمبلی کی ناخوشگوار واقعہ کی مذمت
اسلام آباد(ویب نیوز)اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے ایوان کے تقدس کی پائمالی کا نوٹس لے لیا ۔4 فروری کو اسمبلی اجلاس میں ھونے والے ناخوشگوار واقعہ کی جانچ پڑتال کا فیصلہ کرلیا گیا ہے۔ممکنہ سخت ایکشن کے لئے اجلاس کاروائیوں کا ریکارڈ طلب کرلیا گیا ہے اسدقیصر نے ناخوشگوار واقعہ کی مذمت کی ہے ۔گزشتہ شب قومی اسمبلی سیکرٹریٹ سے جاری بیان کے مطابق 4 فروری 2021کو قومی اسمبلی کے اجلاس کے دوران پیش آنے والے ناخوشگوار واقعے کا جائزہ لیتے ہوئے اسپیکر اسد قیصر نے اس معاملے کی تحقیقات کے لئے 8 فروری کو اجلاس طلب کر لیا ھے۔ اسپیکر کا کہنا تھا کہ بحثیت پاکستان کی قومی اسمبلی کے محافظ(کسٹوڈین) ایوان میں آرڈر برقرار رکھنا اور پارلیمنٹ کے طریق کار اور قومی اسمبلی میں قواعد کے مطابق ایوان کی کارروائی کو یقینی بنانا ان کی اولین ذمہ داری ھے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ قومی اسمبلی کے ہر ممبر کا تعلق چاہے حزب اقتدار یا حزب اختلاف سے ھو ، قومی اسمبلی کے قواعد کو ماننے اور ایوان کے وقار اور تقدس کو برقرار رکھنے کے لئے ذمہ داری عائد ہوتی ہے۔ اسپکر نے کہا کہ 4 فروری 2021 کو جمعرات کو ایوان میں پیش آنے والا ناخوشگوار واقعہ انتہائی قابل مذمت ہے۔ اس ضمن میں 8 فروری بروز پیر کو اسپیکر نے ایک اجلاس طلب کیا ہے ، جس میں اس معاملے کی تفتیش کی جائے گی۔ اس اجلاس میں قومی اسمبلی کے اجلاس کی کارروائی کے ریکارڈ کی جانچ کی جائے گی تاکہ ان اراکین کے خلاف سخت کارروائی کی جاسکے جو اس افسوسناک واقعے میں ملوث تھے۔