فلسطینی قبلہ اول کی طرف اپنا رخت سفر باندھ لیں،امام مسجد اقصیٰ
قلقیلیہ،اسرائیلی فوج کی کارروائی ،2فلسطینی نوجوان گرفتار
اسرائیل سازش کے تحت مسجد اقصیٰ میں نمازیوں کی تعداد میں کمی کر رہا ہے،بیان
مقبوضہ بیت المقدس (ویب نیوز)مسجد اقصیٰ کے امام الشیخ عکرمہ صبری نے کہا ہے کہ فلسطینی قبلہ اول کی طرف اپنا رخت سفر باندھ لیں۔ انہوں نے اپنے بیان میں کہا کہ چھ ہفتوں کی پابندیوںکے بعد اب بیت المقدس میں کورونا وبا میں کمی آئی ہے، اس لیے اب فلسطینی شہری قبلہ اول کی طرف اپنا رخت سفر باندھ لیں۔انہوں نے کہا کہ اسرائیلی ریاست کورونا وبا کی آڑ میں مسجد اقصیٰ میں فلسطینی نمازیوں کے داخلے پر قدغنیں لگانا چاہتی ہے، اسرائیل ایک سازش کے تحت مسجد اقصیٰ میں نمازیوں کی تعداد میں کمی کر رہا ہے۔
اسرائیلی فوج نے شہر قلقیلیہ میں دوفلسطینی نوجوانوں کو گرفتار کر لیا ۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق فلسطین کے مقبوضہ مغربی کنارے کے شمالی شہر قلقیلیہ میں ایک چوکی کے پاس سے گزرنے والے دو فلسطینی نوجوانوں یوسف حسین اور جہاد حسین کو گرفتار کرلیا اور نامعلوم مقام پر منتقل کردیا ۔واضح رہے کہ عزون قصبے کے فلسطینیوں پر اسرائیلی فوج اور یہودی آباد کاروں نے پہلے ہی عرصہ حیات تنگ کررکھا ہے۔ قصبے کی نصف آبادی یعنی 25 ہزار دونم پر غاصب صہیونی آباد ہیں۔عزون میں آئے روز اسرائیلی فوج کے ہاتھوں فلسطینیوں کے اغوا اور گرفتاریوں کے واقعات سامنے آتے ہیں۔ ایک اندازے کے مطابق قابض فوج ہر سال اس قصبے سے200 فلسطینیوں کو گرفتار کرکے انہیں پابند سلاسل کرتی ہے۔عزون میں کئی یہودی کالونیاں قائم کی گئی ہیں جن میں کرنیہ شمرون، معالیہ شمرون اور جینات شمرون بڑی کالونیاں ہیں۔