Israeli seurity forces advance amid clashes with Palestinian protesters at the al-Aqsa mosque compound in Jerusalem, on May 7, 2021. (Photo by Ahmad GHARABLI / AFP)

مقبوضہ بیت المقدس  (ویب نیوز)

اسرائیلی قابض فوج نے مسلسل تیسرے روز بھی مسجد اقصیٰ پر دھاوا بول کر نمازیوں کو طاقت کے ذریعے بے دخل کرنے کی وحشیانہ کارروائی کی جس میں مزید متعدد نمازی زخمی اور گرفتار کرلئے گئے۔ غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق درجنوں قابض فوجیوں نے بھاری ہتھیاروں سے لیس ہوکر مسجد اقصیٰ پر حملہ کر کے نمازیوں کو القبلی کے نماز گاہ سے باہر نکال دیا۔ اس موقع پر قابض فوج نے مسجد اقصیٰ میں اعتکاف میں بیٹھے روزہ داروں پر چڑھائی کردی اور ان پر آنسوگیس کی شیلنگ کی گئی۔ قابض فوج اور پولیس نے مسجد القبلی کا محاصرہ کرکے وہاں پر نمازیوں کو داخلے سے روک دیا۔ فلسطینی ہلال احمر نے کہا کہ اس کا امدادی عملہ مسجد میں موجود ہے مگر اسے اسرائیلی پولیس کی طرف سے پابندیوں کا سامنا ہے۔قابض فوج نے مسجد قبلی کی چھت پر چڑھ کر نمازیوں کو تشدد کا نشانہ بنایا اورانہیں مسجد اقصیٰ سے نکلنے پرمجبور کیا گیا۔ اسرائیلی فوج نے مسجد اقصیٰ کے مراکشی دروازے سے چڑھائی کی اور مسجد کے اندر عبادت کرنے والے متعدد فلسطینیوں کو گرفتار کرلیا۔ قابض انٹیلی جنس نے الاقصیٰ میں اعتکاف کرنے والوں کو فون کے ذریعے متنی پیغامات بھیجے اور انہیں وہاں سے نکل جانے کا کہا تھا۔ اس کے بعد قابض فوج مسلسل نمازیوں کو ہراساں کررہی ہے۔ اسرائیلی فوج نے مسجد اقصیٰ میں گھس کروحشیانہ کارروائی کی جس کے نتیجے میں درجنوں نمازی زخمی اور سیکڑوں کو گرفتارکرلیا گیا تھا۔دوسری جانب اسلامی تحریک مزاحمت حماس نے مسجد اقصیٰ میں نمازیوں اور معتکفین کی جانب سے قابض اسرائیلی فوج کے خلاف مزاحمت اور ثابت قدمی کی تحسین کی ہے۔ حماس نے کہا کہ فلسطینی نمازیوں نے جس بے جگری کے ساتھ قابض فوج کی طرف سے کی گئی جارحیت کا سامنا کیا ہے وہ قابل تحسین ہے۔