اسرائیلی فوج کی نصیرات کیمپ پر بمباری، 5 فلسطینی اورایک مسجد شہید، درجنوں افراد زخمی

اسرائیلی طیاروں نے العربی خاندان کے گھر کو نشانہ بنایا،بمباری سے مذکورہ مسجد کی عمارت مکمل زمین بوس ہو گئی

غزہ میں آپریشن کے لیے آنے والے دنوں میں 2 ریزرو بریگیڈبھرتی کیے جائیں گے،اسرائیلی میڈیارپورٹس

حماس نے قیدیوں کے تبادلے کی ڈیل مسترد کردی ہے،اپنے 133 قیدی رہا کروانے کے لیے ہر حد تک جائیں گے،اسرائیل

غزہ ( ویب  نیوز)

اسرائیلی طیاروں کی  غزہ کی پٹی میں نصیرات پناہ گزیں کیمپ پرایک بار پھر بمباری میں  5فلسطینی اور مسجد شہید ہوگئی ۔ اسرائیلی طیاروں نے العربی خاندان کے گھر کو نشانہ بنایا،حملے میں درجنوں افراد زخمی بھی ہوئے۔ فلسطینی میڈیا کے مطابق اسرائیلی بمباری کے نتیجے میں نصیرات پناہ گزیں کیمپ میں واقع مسجد شہید ہو گئی۔ فلسطینی میڈیا کا کہنا ہے کہ اسرائیلی فوج کی بمباری سے مذکورہ مسجد کی عمارت مکمل زمین بوس ہو گئی۔ فلسطینی میڈیا نے بتایا ہے کہ اسرائیلی بمباری کے باعث ایک رہائشی عمارت کو بھی نقصان پہنچا ہے۔ اسرائیل نے غزہ میں آپریشن ایک بارپھرتیز کرنے کی تیاریاں شروع کردیں،اسرائیلی میڈیارپورٹس کے مطابق آنے والے دنوں میں 2 ریزرو بریگیڈبھرتی کیے جائیں گے،ریزرو بریگیڈ غزہ میں آپریشن کے لیے تعینات ہونگے۔ حماس اوراسرائیل کے درمیان جنگ بندی مذاکرات بے نتیجہ ختم ہوگئے،اسرائیل نے دعویٰ کیا ہے کہ حماس نے قیدیوں کے تبادلے کی ڈیل مسترد کردی ہے،یحی سنوارکشیدگی کم کرنے کے لیے تیار نہیں ہیں،اپنے 133 قیدی رہا کروانے کے لیے ہر حد تک جائیں گے۔ دوسری جانب بے گھر فلسطینیوں کی واپسی کی کوششیں تیز کردی گئیں۔اسرائیلی رکاوٹوں کے باوجود لوگ شمالی غزہ واپس جارے ہیں۔