غزہ پر اسرائیلی بمباری، مزید200سے زائد فلسطینی شہید، جھڑپ میں 13 اسرائیلی فوجی ہلاک،5 زخمی

 اسرائیلی بمباری سے غزہ میں موجود 5 اسرائیلی یرغمالی بھی مارے گئے، حماس کے اہم رہنما حسن الاطرش کو مارنے کا بھی دعویٰ

غزہ پر اسرائیلی بمباری میں ایک اور صحافی احمد جمال المدون شہید ہو گیا، بہت بڑی تعداد میں فلسطینی تباہ شدہ عمارتوں کے ملبے تلے دب گئے

 اسرائیلی فضائیہ کی شمالی غزہ میں بمباری سے اقوام متحدہ کے سکول کے احاطے میں کھڑی گاڑیاں مکمل تباہ ، عمارت کھنڈرات کا منظر پیش کرنے لگی

اسرائیلی فوج کی فلسطینیوں کو وسطی غزہ کا علاقہ بھی خالی کرنے کی دھمکی، نصائرت کیمپ پر حملے سے 18 ، جبالیہ کیمپ میں 12 فلسطینی شہید ہوگئے

تل ابیب میں ہزاروں افراد کامظاہرہ ،مظاہرین کا اسرائیلی حکومت سے یرغمالیوں کی رہائی کے لیے ڈیل کرنے کا مطالبہ

غزہ( ویب  نیوز)

غزہ میں اسرائیلی فوج کی وحشیانہ بمباری میں چوبیس گھنٹوں میں مزید200سے زائد فلسطینی شہیداور سینکڑوں زخمی ہوگئے ہیں۔خبر ملکی رساں اداروں کے مطابق اسرائیلی بمباری سے غزہ میں موجود 5 اسرائیلی یرغمالی بھی مارے گئے۔ اسرائیل نے غزہ میں زمینی کارروائیوں کے دوران اپنے مزید 13 فوجیوں کی ہلاکت کی تصدیق کر دی ہے جبکہ 5فوجی زخمی بھی ہوئے ہیں۔ اسرائیل نے حماس کے اہم رہنما حسن الاطرش کو مارنے کا بھی دعویٰ کیا ہے، حسن الاطرش پر حماس کو ہتھیار فراہم کرنے کا الزام ہے۔غزہ پر اسرائیلی بمباری میں ایک اور صحافی احمد جمال المدون شہید ہو گیا۔فلسطینی وزارت صحت کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران اسرائیل نے 201 فلسطینی شہید کر دئیے، صیہونی فورسز کی بمباری سے بہت بڑی تعداد میں فلسطینی شہری تباہ شدہ عمارتوں کے ملبے تلے دب گئے ہیں۔ عالمی میڈیا کے مطابق اسرائیلی فضائیہ نے شمالی غزہ میں بمباری کی، بمباری سے اقوام متحدہ کے سکول کے احاطے میں کھڑی گاڑیاں مکمل تباہ ہوگئیں جبکہ عمارت کھنڈرات کا منظر پیش کرنے لگی ہے۔ رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ غزہ میں اقوام متحدہ کے سکولز مسلسل اسرائیلی افواج کے نشانے پر ہیں، اقوام متحدہ کے سکول کے احاطے سے بڑی تباہی پھیلانے والا بم بھی برآمد ہوا ہے۔اسرائیلی فوج نے فلسطینیوں کو وسطی غزہ کا علاقہ بھی خالی کرنے کی دھمکی دے دی گئی، وسطی غزہ کے نصائرت کیمپ پر حملے سے 18 فلسطینی شہید جبکہ جبالیہ کیمپ میں مکان پربم سے حملے کے نتیجے میں خواتین اور بچوں سمیت 12 افراد شہید ہوگئے۔دوسری جانب غزہ میں فلسطینی مزاحمت کاروں سے جھڑپ میں اسرائیل کے 13 فوجی مارے گئے۔ اسرائیل ڈیفنس فورس(آئی ڈی ایف)نے حماس اور دیگر مزاحمتی تنظیموں سے لڑائی کے دوران ہلاک ہونے والے اپنے 8 فوجیوں کے نام بھی جاری کر دیئے ہیں جس میں سے 4 کا تعلق سیونتھ آرمرڈ بریگیڈ سے ہے جو جنوبی غزہ میں لڑائی کے دوران مارے گئے۔ آئی ڈی ایف کے مطابق غزہ میں جنگ کے دوران 5فوجی شدید زخمی بھی ہوئے جبکہ صیہونی فوج نے اس سے قبل گزشتہ روز مارے گئے 5 فوجیوں کی شناخت بھی ظاہر کی تھی۔بیت لاہیا میں حماس جنگجوؤں نے 5 صیہونی فوجیوں کو مار ڈالا، حماس نے قابض فورسز پر حملے کی ویڈیو بھی جاری کی جس میں اسرائیلی فوجیوں کو حماس مجاہدین کا نشانہ بنتے دیکھا جاسکتا ہے۔اسرائیل کے دارالحکومت تل ابیب میں ہزاروں افراد نے مظاہرہ کیا ہے۔مظاہرین نے اسرائیلی حکومت سے یرغمالیوں کی رہائی کے لیے ڈیل کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔اسرائیلی میڈیا کے مطابق غزہ میں جاری زمینی کارروائیوں کے دوران اب تک 152 اسرائیلی فوجی ہلاک اور درجنوں زخمی ہو چکے ہیں جبکہ حماس کی جانب سے جنگ کے دوران سینکڑوں اسرائیلی فوجی گاڑیوں کو تباہ کرنے کا دعوی بھی کیا گیا ہے۔غزہ پر اسرائیلی بمباری میں ایک اور صحافی شہید ہو گیا۔عرب میڈیا کے مطابق غزہ پر بمباری میں صحافی احمد جمال المدون شہید ہوئے ہیں۔عرب میڈیا کا کہنا ہے کہ غزہ پر اسرائیلی حملوں میں شہید صحافیوں کی تعداد 101 ہو گئی ہے۔غزہ پر اسرائیلی بمباری میں 50 سے زائد میڈیا دفاتر مکمل یا جزوی طور پر تباہ ہو گئے ہیں۔ فلسطینی میڈیا آفس کے مطابق 78روز سے جاری حملوں میں شہید فلسطینیوں کی تعداد 20 ہزار 258 ہوچکی ہے جبکہ 53 ہزار سے زائد زخمی ہیں، شہدا ء میں 8 ہزار سے زائد بچے اور 6 ہزار سے زائد خواتین شامل ہیں۔ 78 روز کے دوران 310 طبی عملے کے ارکان شہید ہوچکے ہیں جبکہ سول ڈیفنس کے 35 اہلکار بھی جان کی بازی ہارچکے ہیں، غزہ میں بمباری سے جاں بحق اقوام متحدہ کے اہلکاروں کی تعداد بھی 136 تک جا پہنچی ہے۔

#/S