غزہ پر اسرائیلی جارحیت 19ویں روز بھی جاری،بمباری میں مزید 80 سے زائد فلسطینی شہید

اسرائیلی فضائیہ کی شام میں فوجی ٹھکانوں پر بمباری میں 8شامی فوجی جاں بحق،7 زخمی ہوگئے

 اسرائیلی فوج نے لبنان میں بھی حزب اللہ کے ٹھکانوں پر گولہ باری کی، دو جنگجو شہید ہوگئے

غزہ/دمشق/بیروت(ویب  نیوز)

غزہ پر اسرائیلی جارحیت 19ویں روز بھی جاری رہی،غزہ پر رات بھر اسرائیلی بمباری میں مزید 80 سے زائد فلسطینی شہید ہوگئے،جبکہ اسرائیلی فضائیہ کی شام میں فوجی ٹھکانوں پر بمباری میں 8شامی فوجی جاں بحق اور 7 زخمی ہوگئے ہیں، اسرائیلی فوج نے لبنان میں بھی حزب اللہ کے ٹھکانوں پر گولہ باری کی جس میں حزب اللہ کے دو جنگجو شہید ہوگئے ہیں۔فلسطینی میڈیا کے مطابق شہر قلقیلیہ میں اسرائیلی فوج کی فائرنگ سے 19 سالہ حمزہ سایل طہ شہید ہوا جس کو اسرائیلی فوج نے سینے میں گولی ماری۔ علاوہ ازیں مغربی کنارے میں قلندیہ پناہ گزین کیمپ پر اسرائیلی فوج کی ریڈ کے دوران فائرنگ سے فلسطینی نوجوان جاں بحق اور 5 افراد زخمی ہوگئے۔ فلسطینی وزارتِ صحت کے مطابق نوجوان کے سینے اور سر میں گولیاں لگیں۔ 7 اکتوبر سے اب تک شہید فلسطینیوں کی تعداد 5 ہزار 880 ہوگئی ہے۔ اسرائیلی بمباری سے شہید ہونے والوں میں 2 ہزار سے زائد بچے اور 1100 خواتین بھی شامل ہیں جبکہ زخمیوں کی تعداد 15 ہزار سے زائد ہوچکی ہے۔ زخمیوں کو ہسپتالوں میں دواں اور ایندھن کی قلت کے باعث مزید مشکلات کا بھی سامنا ہے۔دوسری جانب مقامی میڈیا رپورٹس کے مطابق بدھ کی صبح اسرائیلی فضائیہ کی جانب سے جنوب مغربی شام میں فوجی ٹھکانوں کو نشانہ بنایا گیا جس کے نتیجے میں 8 فوجی جاں بحق ہوگئے۔رپورٹس کے مطابق اسرائیلی حملے میں 7 فوجی زخمی بھی ہوئے ہیں۔اسرائیلی فوج نے اس سے قبل کہا تھا کہ شام کی جانب سے اسرائیل کی جانب راکٹ داغے گئے تھے جس کے رد عمل میں اس کے جیٹ طیاروں نے بدھ کی صبح شامی فوج کے ٹھکانوں اور مارٹر لانچروں کو نشانہ بنایا۔ ادھر اسرائیلی فوج نے لبنان میں بھی حزب اللہ کے ٹھکانوں پر گولہ باری کی ہے جس میں حزب اللہ کے دو جنگجوشہید ہوگئے ہیں۔عرب میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ خدشات بڑھ رہے ہیں کہ حماس کے ساتھ اسرائیل کی جنگ وسیع تر علاقائی انتشار پیدا کرے گی اور خاص طور پر شام اور لبنان میں ایران کے حمایت یافتہ حزب اللہ گروپ کے ساتھ موجودہ کشیدگی کو مزید بھڑکا دے گی۔