امریکی ریاست میئن میں مسلح شخص کی مختلف مقامات پر فائرنگ ،  22 افراد ہلاک،60 زخمی

ہسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ ،بعض زخمیوں کی حالت تشویشناک ، فائرنگ کے بعد ملزم فرار ،سکیورٹی ہائی الرٹ

 پولیس نے ملزم کی تصویر جاری کردی  جو کہ خودکار رائفل تھامے ہوئے ہے،حملے کی وجہ سامنے نہ آسکی

لیوسٹن ( ویب  نیوز)

امریکی ریاست میئن میں مسلح شخص کی  مختلف مقامات پر فائرنگ سے  22 افراد ہلاک اور 60 زخمی ہوگئے۔ غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق امریکی ریاست میئن کے شہر لیوسٹن  میں ملزم نے پہلے بولنگ کلب میں فائرنگ کی جس سے 10افراد موقع پر ہی ہلاک ہوگئے بعد ازاں مسلح ملزم نے مقامی بار اور والمارٹ ڈسٹری بیوشن سینٹر پر بھی فائرنگ کرکے وہاں موجود لوگو ں کو نشانہ بنایا۔پولیس نے ملزم کی تصویر جاری کردی ہے جو کہ خودکار رائفل تھامے ہوئے ہے، ملزم کی شناخت رابرٹ کارڈ کے نام سے ہوئی تاہم حملے کی وجہ سامنے نہیں آسکی۔پولیس کے مطابق فائرنگ کے بعد ملزم فرار ہوگیا، شہریوں کو ہدایت کی گئی کہ ملزم کی گرفتاری تک اپنے گھروں سے باہر نہ نکلیں،فائرنگ کے بعد قانون نافذ کرنے والے اداروں کو ہائی الرٹ کر دیا گیا۔ادھرحکام کی جانب سے علاقے میں تمام کاروبار بند کرنے کی ہدایت دینے کے علاوہ ریاست کی ہسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی ،بعض زخمیوں کی حالت تشویشناک ہے ۔امریکی میڈیا کے مطابق لیوسٹن 37 ہزار آبادی پر مشتمل شہر ہے اور پورٹ لینڈ کے شمال میں واقع ہے۔