اسرائیلی فوج کی رفح پر بمباری،مزید 164 فلسطینی شہید، 3 یرغمالی بھی ہلاک

حماس نے خان یونس میں جھڑپوں کے دوران 10 اسرائیلی فوجیوں کو ہلاک کر دیا

رفح میں بھی حماس کو نہیں چھوڑیں گے، اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو

اسرائیل بے گھر فلسطینیوں کی پناہ گاہ رفح پرکیسے حملہ کرسکتا ہے؟ برطانیہ کی اسرائیل کے زمینی آپریشن کی مخالفت

یورپی یونین کا امریکا اور دیگر ممالک سے اسرائیل کو اسلحہ کی فروخت فوری روکنے کا مطالبہ

نیدرلینڈ کی عدالت کا بھی حکومت کو اسرائیل کو جنگی طیارے ایف-35کے پرزے فروخت کرنے سے روکنے کا حکم

غزہ ( ویب   نیوز)

اسرائیلی فوج نے غزہ میں رفح پروحشیانہ بمباری کردی جس میں مزید 164 فلسطینی شہید ہوگئے۔ حماس نے ایک بیان میں کہا ہے اسرائیل کے حملوں میں 3 یرغمالی بھی ہلاک ہوگئے۔ حماس نے خان یونس میں جھڑپوں کے دوران 10 اسرائیلی فوجیوں کو ہلاک کر دیاہے۔اسرائیلی فورسز کے مسلسل حملوں کے نتیجے میں غزہ میں شہدا کی مجموعی تعداد 28ہزار 340ہوگئی۔یورپی یونین نے امریکا اور دیگر ممالک سے اسرائیل کو اسلحہ کی فروخت فوری روکنے کا مطالبہ کر دیا۔اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہونے رفح میں زمینی آپریشن شروع کرنے کا فیصلہ کرتے ہوئے کہا کہ رفح میں بھی حماس کو نہیں چھوڑیں گے۔ ادھر برطانیہ نے رفح میں زمینی آپریشن شروع کرنے کے فیصلہ کی مخالفت کرتے ہوئے کہا کہ اسرائیل بے گھر فلسطینیوں کی پناہ گاہ رفح پرکیسے حملہ کرسکتا ہے؟رفح آنے والے فلسطینی پہلے ہی 5،6 بار دربدر ہوچکے ہیں لہذا رفح کی صورتحال پر شدید تشویش ہے۔ اس کے ساتھ ہی برطانیہ نے فلسطین میں فوری جنگ بندی کا مطالبہ بھی کیا۔اس کے علاوہ یورپی یونین کی خارجہ پالیسی کے چیف جوزیف بوریل نے امریکا اور دیگر ممالک سے اسرائیل کو اسلحہ کی فروخت فوری روکنے کا مطالبہ کردیا۔نیدرلینڈ کی عدالت نے بھی حکومت کو اسرائیل کو جنگی طیارے ایف-35کے پرزے فروخت کرنے سے روکنے کا حکم دے دیا۔ دوسری جانب خان یونس میں حماس اور اسرائیلی فوج سے جھڑپیں ہوئیں جس میں القسام بریگیڈ نے قابض فوج پرحملے کے دوران 10 اسرائیلی فوجی مارنے کادعوی کیا ہے۔