تربیلا میں فوجی مشقیں اتاترک الیون کا آغاز
مشترکہ مشقیں دونوں برادر اقوام کے رشتے کو مزید مضبوط کرینگی ،آئی ایس پی آر
اسلام آباد( ویب نیوز)پاک ترک مشترکہ فوجی مشقیں اتاترک الیون، 2021 اسپیشل سروسز گروپ ہیڈ کوارٹرز تربیلا میں آغاز ہو گیا۔تین ہفتوں پر محیط مشقوں کی افتتاحی تقریب کا انعقاد ہوا۔ ان مشقوں کا مقصد جدید فوجی رجحانات اختیار کرنا اور ایک دوسرے سے تعاون کا فروغ ہے۔آئی ایس پی آر کے مطابق پاکستان اور ترکی کی مشترکہ فوجی مشقیں اتاترک الیون 2021 کی افتتاحی تقریب اسپیشل سروسز گروپ ہیڈکوارٹرز تربیلا میں منعقد ہوئی۔ترک اسپیشل فورسز اور ایس ایس جی ٹروپس تین ہفتوں پر محیط مشترکہ مشقوں میں حصہ لیں گے۔ ان مشقوں میں انسداد دہشت گردی، کلوز کوارٹر بیٹل، کارڈن اینڈ سرچ، ریپلنگ، فائر اینڈ موو، ہیلی کاپٹر ریپلنگ، کمپائونڈ کلیرنس، فری فال اور یرغمالی رہا کروانے کے حوالے سے ٹیکنیکس شامل ہوں گی۔یہ مشترکہ مشقیں دونوں برادر اقوام کے رشتے کو مزید مضبوط کریں گی اور ان مشقوں سے جدید فوجی رجحانات اختیار کرنے اور تعاون میں مدد ملے گی۔